آئندہ نسلوں کے لئے پانی کو محفوظ بنانا ہو گا،محسن لغاری

  آئندہ نسلوں کے لئے پانی کو محفوظ بنانا ہو گا،محسن لغاری

  

لاہور (پ ر)ڈیپارٹمنٹ آف فوڈاینڈ نیوٹریشن منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام آبی وسائل کے ضیاع کی روک تھام اور اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے گزشتہ روز ”پانی زندگانی ہے“  کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں  وزیر آب پاشی پنجاب محسن لغاری، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ فوڈ اینڈ نیوٹریشن ڈاکٹر جواد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن لغاری نے کہا کہ جس شرح سے آبادی بڑھ رہی ہے پانی کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے۔ گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے قومی سطح پر واٹر مینجمنٹ نہ کی گئی توپانی کی عدم دستیابی سے انسانیت دم توڑ جائے گی اور اگر کسان کو پانی نہ ملا تو فصلوں کی جگہ بھوک اگے گی لہذا اس صورتحال سے بچنے کے لئے روز مرہ زندگی میں شیو کرتے اور نہاتے وقت بلاوجہ پانی کی ٹونٹیاں کھلی نہ چھوڑیں۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک فرد نہر یا کھال نہیں بنا سکتا مگر ایک فرد پانی کو ضائع ہونے سے بچا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے حکومت متبادل ڈ یمز کی تعمیر پر کام کر رہی ہے۔پوٹھو ہار اور میانوالی کے علاقے میں حکومت پنجاب اپنے وسائل کو بروئے کار لا کر آبی ذخائر کی تعمیر پر کام کر رہی ہے اس حوالے سے ایشین بنک اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مشاور ت جاری ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ زندگی کی بقا پانی سے مشروط ہے مگر ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم اس قدرتی نعمت کو بے دریغ ضائع کر رہے ہیں۔ دنیا میں آئندہ جنگیں پانی کے وسائل پر قابض ہونے کے لئے لڑی جائیں گی،،بحثیت قوم ہمیں اس اہم مسئلے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ پانی کے ضیاع کی روک تھام کے لئے میڈیا انڈسٹری اور تمام مکاتب فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں تعلیمی اداروں میں اس اہم مسئلے پر تحقیق کے لئے وسائل کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے تا کہ ہم ملک خداد پاکستان کو  قحط سالی اور پانی کی عدم دستیابی جیسے مسائل سے بچا سکیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی ہدایات کے مطابق منہاج یونیورسٹی لاہور کے پلیٹ فارم سے ملکی سطح پر پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانے اور پانی کے بے دریغ استعمال کی روک تھام کے لئے قومی سطح پر مہم کا آغاز کیا جائے گا جس کے تحت عوام میں پانی کی اہمیت و افادیت  اور اس کے ضیاع کو روکنے کے لئے شعور اجاگر کیا جائے گاعلاوہ ازیں منہاج یونیورسٹی میں اس اہم قومی مسئلے پر تحقیق کے لئے طلبہ کو تمام تر وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔تقریب میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن منہاج یونیورسٹی میجر (ر) سلمان جہانگیر،مرکزی سیکرٹری اطلاعات منہاج القرآن انٹرنیشنل نوراللہ صدیقی،پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل سے شہزاد رسول، سردار اسحاق اور کوارڈینیٹر سیکرز کلب منہاج یونیورسٹی عمارہ مقصود سمیت مختلف تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان،اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -