صارفین مہنگائی سے بدحال ہوگئے ہیں،کوکب اقبال 

  صارفین مہنگائی سے بدحال ہوگئے ہیں،کوکب اقبال 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پورے ملک کے صارفین مہنگائی سے بدحال ہوگئے ہیں - آٹا، چینی، دالیں، مرغی کا گوشت و انڈے، سبزیاں، دودھ اور دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کا رجحان بڑھتا جارہا ہے- منافع خور اور ذخیرہ اندوزوں کے حوصلے موثر پرائس چیکنگ کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے بڑھ گئے ہیں - وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ روزمرہ کی اشیاء  کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومتی رٹ قائم کریں - یہ بات صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے کیپ کے دفتر میں مہنگائی سے متعلق میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی- اس موقع پر سینئر وائس چیئرمین عبد المجید عبدانی، وائس چیئرمین ڈاکٹر عبد السلام دادا بھائی، سینئر وائس چیئرمین کراچی ڈویڑن فرقان بلال اور کوآرڈینیٹر لاریب صدیقی بھی موجود تھے-کنزیومر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کوکب اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ کو روکے جس کو بنیاد بناکر منافع خور ہر چیز کی قیمت میں کئی گنا اضافہ کردیتے ہیں - انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ کم از کم دو سال پہلے کی سطح پر اشیائے صرف کی قیمتوں کو نہ صرف منجمد کریں بلکہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کریں جس میں کم از کم جرمانے کی رقم ایک لاکھ روپے ہو اور کم از کم ایک ہفتے کی جیل کی جائے اور ساتھ ہی مضرصحت غیر معیاری اشیاء  بیچنے والوں کے خلاف عملی کارروائی کی جائے- انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے ملک میں دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ دودھ میں ملاوٹ کی شکایت ہر سطح پر کی جارہی ہے- کوکب اقبال نے کہا کہ ناپ تول کے محکمہ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے- پیٹرول، دودھ دہی، پھل سبزیاں، اجناس اور دیگر اشیائے صرف کے ناپ تول میں ہیرا پھیری کی جارہی ہے - صارفین سے قیمت منہ مانگی وصول کی جاتی ہے جبکہ کم تولا جاتا ہے- ایک سوال کے جواب میں کوکب اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صاحب تک مہنگائی کی خبریں میڈیا کے ذریعے ضرور پہنچ رہی ہیں اور وہ کوشش کررہے ہونگے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے مگر ابھی تک پورے ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے عملی اقدامات نظر نہیں آئے-

مزید :

صفحہ آخر -