صوابی،ٹریفک حادثہ میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق،5 زخمی
صوابی(بیورورپورٹ) ٹریفک کے مختلف حادثات میں ایک موٹر سائیکل سوار بوڑھا جاں بحق جب کہ پانچ زخمی ہو گئے ریسکیو1122کی رپورٹ کے مطابق صوابی مردان روڈ پر کرنل شیر کلے کے مقام پر کیپٹن کرنل شیر خان کے مزار کے سامنے موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 68سالہ بوڑھا امیر آفتاب سکنہ کرنل شیر کلے شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر مجروح کو موقع پر طبی امداد دے کر کالو خان ہسپتال منتقل کر دیا۔ جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ دریں اثناء جہانگیرہ روڈ پر لاہور شاخ کے مقام پر موٹر سائیکل اور رکشہ کے مابین تصادم کے نتیجے میں 29سالہ حبیب اللہ، مردان روڈ پر آدینہ سٹاف میں فلائنگ کوچ اور پک اپ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 45سالہ وسیم باچا سکنہ سوڈھیر اور 40سالہ عارف خان زخمی ہو گئے اسی سٹاف پر دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرانے سے پچاس سالہ فارس خان سکنہ میر علی جب کہ یار حسین روڈ پر گل آباد سٹاف کے قریب تیز رفتار رکشے اور موٹر سائیکل کے تصادم کے نتیجے میں پچاس سالہ گلزا رعلی سکنہ تورڈھیر زخمی ہو گیا۔ ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد قریبی ہسپتالوں کو منتقل کر دیا۔