آبادی پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں،سید احمد حسین شاہ

آبادی پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں،سید احمد حسین شاہ

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی سید احمد حسین شاہ نے حال ہی میں ملازمت سے سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی فضل نبی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا۔ معاون خصوصی سید احمد حسین شاہ نے کہا ہے کہ کسی بھی سرکاری محکمے کی فعالی اور مؤثر کارکردگی سرکاری افسران و اہلکاروں کی مرہون منت ہوتی ہے۔ اچھی کارکردگی کے حامل سرکاری ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ معاون خصوصی احمد حسین شاہ نے کہا کہ سبکدوش ڈی جی فضل نبی کی محکمہ بہبود آبادی کے لیے گراں قدر خدمات اور اچھی کارکردگی کا بحیثیت وزیر معترف ہوں۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ خاندانی منصوبہ وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ہماری آبادی بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اگر اس پر قابو پانے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو اگلی دو، تین دہائیوں میں آبادی دو گنا سے بھی زیادہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی حکومتیں بہبود آبادی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ اس ضمن میں وفاقی اور صوبائی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہیں۔ معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ بہت جلد کمیونیکیشن سٹریٹیجی متعارف کی جائے گی تاکہ محکمہ بہتر طور پر پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو اپنی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہی دے سکے۔  الوداعی تقریب میں سیکرٹری بہبود آبادی محمد اصغر علی، قائم مقام ڈی جی، ڈائریکٹرز اور ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسرز سمیت غیر سرکاری تنظیموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری بہبود آبادی اصغر علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فضل نبی کی محکمہ بہبود آبادی میں ملازمت کے دوران کارکردگی بہت اچھی رہی ہے۔ انہی کی سربراہی میں محکمہ نے ملک میں سب پہلے صوبائی سطح پر پاپولیشن پالیسی 2015بنائی  اور بہبود آبادی کے حوالے سے عالمی علماء کانفرنس کے پشاور میں کامیاب انعقاد کا سہرا بھی ان کے سر ہے۔ سیکرٹری بہبود آبادی کا مزید کہنا تھا کہ یہ انکی ملازمت کے دوران پہلا موقع ہے کہ کسی وزیر نے اپنے محکمے کے افسر کے لیے ذاتی خرچ سے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا۔ انہوں نے محکمہ پاپولیشن کی طرف سے معاون خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی جی فضل نبی نے کہا کہ وہ 1999سے محکمہ بہبود آبادی سے منسلک ہیں۔ ماضی میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے مختلف رکاوٹیں تھیں جبکہ اب عوام میں شعور آگیا ہے وہ منصوبہ بندی کو اپنی مرضی سے اپنا رہے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ محکمہ کو اس مقام تک پہنچانا فرد واحد نہیں بلکہ ہماری اجتماعی کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ سابقہ ڈی جی نے معاون خصوصی احمد حسین شاہ کا ان کے لیے الوداعی تقریب اور ظہرانے کا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے قائم مقام ڈی جی عائشہ احسان اور یو این ایف پی اے کے نمائندے ڈاکٹر رفیق نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں سبکدوش ڈی جی فضل نبی کو معاون خصوصی سید احمد حسین شاہ اور سیکرٹری پاپولیشن نے ان کے خدمات کے اعتراف میں سوینئر بھی پیش کیا

مزید :

پشاورصفحہ آخر -