”یہ کمپنی نہیں چلے گی“ سہیل وڑائچ کی متنازعہ کتاب کا نیا ٹائٹل سامنے آگیا

”یہ کمپنی نہیں چلے گی“ سہیل وڑائچ کی متنازعہ کتاب کا نیا ٹائٹل سامنے آگیا
”یہ کمپنی نہیں چلے گی“ سہیل وڑائچ کی متنازعہ کتاب کا نیا ٹائٹل سامنے آگیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کے معروف صحافی اور سیاسی تجزیہ کار سہیل وڑائچ کی تصنیف کردہ ایک کتاب”یہ کمپنی نہیں چلے گی“ کا سر ورق تبدیل کردیا گیا ۔تفصیل کے مطابق ’یہ کمپنی نہیں چلے گی‘ نامی یہ کتاب سہیل وڑائچ کے مختلف اخبارات میں شائع ہونے والے کالمز کا مجموعہ ہے،گزشتہ ماہ جب یہ کتاب مارکیٹ میں آئی تو اس کے سر ورق پر اعتراض بھی سامنے آیا ۔سرورق پر وزیراعظم کے کارٹون کو کچھ اس انداز میں دکھا یا گیا تھا کہ جس سے وزیراعظم کے وقار میں کمی کا شبہ تھا ۔اس حوالے سے بی بی سی کو ایک انٹر ویو میں سہیل وڑائچ نے بتا یا تھا کہ اس کتاب میں جو مواد ہے وہ پہلے سے شائع شدہ کالمز ہیں، البتہ مجھے پتا چلا ہے کہ اس کے سرورق پر کچھ حلقوں کو اعتراض ہوا ہے،مجھ سے بھی رابطہ کیا گیا کہ اس کے سرورق پر جو کارٹون ہے وہ وزیراعظم کے وقار میں کمی لاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کارٹون تو لائٹ موڈ میں بنائے جاتے ہیں اور کارٹون ہمیشہ لائٹ انداز میں دیکھے جاتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود جب میرے بہت سے ساتھیوں اور میرے گروپ نے بہت زیادہ اصرار کیا تو ہم نے ٹوئٹر سے اسے ہٹا دیاتھا۔سہیل وڑائچ اس کتاب کا سرورق تبدیل کرنے کی یقین دہانی پہلے ہی کرا چکے تھے ۔

مزید :

قومی -