راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بارے  میاں محمودالرشید نے حیران کن دعویٰ کردیا 

راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بارے  میاں محمودالرشید نے حیران کن دعویٰ کردیا 
راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بارے  میاں محمودالرشید نے حیران کن دعویٰ کردیا 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیرہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کے ذریعے  اندرون و بیرون ملک سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ممکن ہو گی جبکہ صنعتوں کو فروغ حاصل ہو گا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز اور مشیروزیراعلیٰ برائے منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر سلمان شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ دریائے راوی اپنا قدرتی حسن کھو کر گندے نالے میں تبدیل ہو چکا ہے اور جوہڑ کی شکل اختیار کرنے والے دریائے راوی کا پانی مکمل طور پر آلودہ ہو چکا ہے، اس پراجیکٹ کے ذریعے صنعتوں کے فروغ کے علاوہ پانی کی آلودگی سے متعلقہ مسائل بھی حل ہوں گے، راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اورپراجیکٹ کو مرحلہ وار آگے بڑھانے  اور اس کے تحت ایک پورا شہر آباد کرنے کے لئے منصوبہ بندی مکمل کی جا رہی ہے۔

چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز نے بتایا کہ اتھارٹی کا ڈیجیٹل پورٹل ایک ہفتے میں لانچ کر دیا جائے گا جس پر پراجیکٹ سے متعلقہ تمام معلومات میسر ہوں گی،منصوبے کے تحت سات ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگائے جائیں گے،اس میگاپراجیکٹ کی منصوبہ بندی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اوروزیراعظم کو ہفتہ وار بنیادوں پر منصوبے کی پیشرفت کے متعلق رپورٹس بھجوائی جا رہی ہیں جبکہ منصوبے کے حوالے سے پنجاب حکومت بھرپور مدد فراہم کر رہی ہے،یہ منصوبہ ملکی اقتصادیات کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا جس کے تحت ایسی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس سے کم سے کم آبادی متاثر ہو، منصوبے کے تحت جہانگیر کے مقبرے کے باغات کو اصل شکل میں بحال کیا جائے گا جبکہ شاہدرہ جنگل میں اضافے کے علاوہ ایک نیا جنگل لگایا جائے گا جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ 

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -