او جی ڈی سی ایل کے قافلے پرحملہ قابل مذمت،دہشت گردی کے عفریت کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پرعزم ہیں:وزیراعلی جام کمال خان
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کوسٹل ہائی وے پر او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہےاور
کہا ہے کہ حکومت اور پوری قوم دہشت گردی کے عفریت کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے اس واقعے کو بزدلانہ عمل قرار دیتے ہوے کہا کہ بحیثیت قوم ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم دہشت گردی کے عفریت کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اس بات کی علامت ہے کہ دشمن بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو حملے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہدایت دیتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی ہے۔