میپکو میں میٹرز کا بحران، کنکشن کی ایک لاکھ درخواستیں زیر التوا
ملتان (نیوز رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ (میپکو) انتظامیہ (بقیہ نمبر48صفحہ6پر)
کی غفلت اور غیر ذمہ دارنہ طرز عمل کے باعث پورے میپکو ریجن میں میٹرز کا بحران بدستور جاری ہے جس کے باعث ایک لاکھ سے زائد کنکشنز زیر التوا کا شکار ہیں اور صارفین میپکو دفاتر کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ قبل ازیں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کی جانب سے میپکو کی ناقص کارکردگی، کروڑوں روپے مالیت کی بجلی کا روزانہ کی بنیاد پر ضیاع اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد کنکشنز زیر التوا رکھنے پر سخت برہمی کا اظہار کرنے کے باوجود میپکو انتظامیہ بدستور ڈھٹائی کی روش پر عمل پیرا ہے جبکہ اگست کے اوائل میں میپکو انتظامیہ کی جانب سے ایک لاکھ 52 ہزار زیر التوا بجلی کے کنکشنز کو دو ماہ کے دوران نمٹانے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی لیکن اڑھائی ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود صارفین کو کنکشنز کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جاسکا اور نہ ہی اس حوالے سے میپکو انتظامیہ سے سنجیدگی کی توقع کی جاسکتی ہے جبکہ تمام میپکو سب ڈویژنز میں موجود اہلکار میٹرز کی عدم دستیابی کا رونا روتے نظر آتے ہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق جون 2021 سے اکتوبر تک صارفین کی جانب سے جمع کروائے گئے ڈیمانڈ نوٹسز پر ایک بھی کنکشن فراہم نہیں کیا جاسکا اور ایک لاکھ سے زائد میٹرز التوا کا شکار ہیں دوسری طرف نیپرا کے مطابق میپکو انتظامیہ صارفین کو کنکشنز کی فراہمی میں تاخیری حربے اختیار کرکے روزانہ کی بنیاد 8 کروڑ روپے کی بجلی کے ضیاع کا باعث بن رہی ہے نیپرا کے مطابق بجلی کی وافر مقدار میں دستیابی کے باوجود کنکشن نہ دینے پر ہم ایسی بجلی کی قیمت دے رہے ہیں جو ہمارے استعمال میں بھی نہیں آرہی جس کے باعث میپکو کو روزانہ کی بنیاد پر 8 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے یہ ایک بڑی ناکامی ہے کہ بجلی وافر مقدار میں موجود ہونے کے باوجود میپکو صارفین کو فراہم کرنے سے قاصر ہے میپکو اپنے بجلی کے منصوبوں میں ہونیوالی تاخیر پر قابو پائے اور اپنے بجلی کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے جبکہ پیک آورز میں صارفین کو پریشانی نہیں ہونی چاہیئے نیپرا کی ہدایات کے برعکس میپکو سب ڈویژنز سروسز فراہم کرنے کی بجائے مذبحہ خانوں میں تبدیل ہوچکے ہیں جہاں انسانوں کو ذبح کرنے کے لیئے انتہائی ہنر مند کاریگر تعینات کیئے گئے ہیں جن کی سرپرستی ہائیڈرو یونین کے چیئرمین کرتے آرہے ہیں صارفین کے مطابق میپکو اپنے صارفین سے سو فیصد سے زائد ریکوری کرنے کے باوجود کنکشنز کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
میپکوکنکشن