پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل مدتی باہمی تعلقات ہیں، پرویزالٰہی

  پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل مدتی باہمی تعلقات ہیں، پرویزالٰہی

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر (Ms. Angela Aggeler) نے وفد کے ہمراہ یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین اور حسین الٰہی بھی شریک تھے جبکہ امریکی وفد میں امریکی قونصل جنرل لاہور ولیم میکانولے، امریکی سفارتخانے کی پولیٹیکل آفیسر خدیجہ کورے اور پولیٹیکل سپیشلسٹ صدف سعد شامل تھیں۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل مدتی باہمی تعلقات ہیں، امریکہ کا مختلف شعبوں میں پاکستان سے تعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں بہت کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں امریکی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے کہا کہ امریکہ افغان پناہ گزینوں کے انخلا میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان امریکہ کا اہم سٹریٹجک پارٹنر ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانی و مالی قربانیوں کے معترف ہیں۔#

 پرویزالٰہی

مزید :

صفحہ آخر -