امریکی ناظم الامور کادورہ مسجد وزیر خان، ثقافتی ورثہ بحالی کیلئے امریکی کاوشوں کو اجاگر کیا
لاہور(خصوصی رپورٹ)مسجد وزیر خان اور ملحقہ چوک کے دورے کے دوران امریکی ناظم الامورانجیلا پی ایگلر نے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور تاریخی مقامات کی بحالی و حفا ظت کیلئے امریکہ پاکستان مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ناظم الامورایگلر نے 13،14 اکتوبر کو لاہور کا دورہ کیا۔ایمبیسڈر فنڈ فار کلچرل پریزرویشن (اے ایف سی پی) کے ذریعے امریکہ وسیع پیمانے پر ثقافتی ورثے جیسا کے تاریخی عمارات، آثار قدیمہ اور مخطوطات کے تحفظ کیلئے معاونت فراہم کرتا ہے۔ 2002سے ایمبیسڈر فنڈ اور پاکستان میں امریکی مشن نے مسجد وزیر خان اور ملحقہ چوک کے اطراف میں مختلف مقامات کی بحالی کیلئے تقریباً14 لاکھ ڈالر (23 کروڑ 90 لاکھ روپے) فراہم کیے ہیں۔ بحالی کی ان کوششوں کیلئے پاکستان میں امریکی مشن اس وقت اپنے شراکت دار آغا خان فاؤنڈیشن اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کیساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ انجیلاایگلر نے کہا وزیر خان مسجد اور ملحقہ چوک شہر لاہور کے عظیم ثقافتی، تاریخی اور مذہبی ورثے کی علامت ہیں۔ امید ہے یہ منصوبے امریکہ کے پاکستان، اس کی ثقافت اور اس کے عوام کے احترام کی ایک پائیدار علامت کے طور پر کام کریں گے۔
امریکی ناظم