مارچ تک بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل مکمل کرنا چاہتے ہیں: الیکشن کمیشن
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا حکومت کی بعض تجاویز مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن مارچ 2022تک تمام مراحل کے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مکمل کرنا چاہتا ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لئے مکمل طور پر تیا ر ہے اور صوبائی حکومت دوسرے مرحلہ کے انتخابات کی تفصیلات ایک ہفتے میں مہیا کرے۔جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کااجلاس ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران شریک ہوئے۔ الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ 21ستمبر 2021کو صوبہ خیبر پختونخوامیں لوکل گورنمنٹ الیکشن کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں صوبائی حکومت نے کہا تھا کہ وہ صوبے میں مرحلہ وار الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے انہیں ہدایت دی تھی کہ الیکشن کمیشن کے تحریری حکم کا انتظار کئے بغیر الیکشن کمیشن کو پہلے مرحلے میں شامل اضلاع اور دیگر مرحلوں میں شامل اضلاع کی تفصیل دی جائے تاکہ پہلے مرحلہ کے انتخابات کا انعقاد دسمبر 2021میں کیا جائے لیکن صوبائی حکومت کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہواجس پر آج کا اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے صوبائی وزیر خوراک محمد عاطف خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈوکیٹ جنرل اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پیش ہوئے انہوں نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت ویلج کونسلوں / نیبر ہوڈ کونسلوں کے لئے پہلے مرحلے کے انتخابات دسمبر 2021میں کروانا چاہتی ہے۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں انتخابات مئی 2022میں کروانا چاہتی ہے اور اس کے بعد تحصیل کونسلوں کے انتخابات کے لئے مشاورت کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے ان کی تجویزسے اتفاق نہیں کیا البتہ الیکشن کمیشن نے اس بات سے اتفاق کیا کہ پہلے مرحلے میں انتخابات دسمبر 2021میں ہوں گے لیکن تحصیل کونسلوں کے انتخابا ت بھی ساتھ ہونگے تاکہ جن اضلاع میں الیکشن کاانعقاد ہو تو ان کی تمام لوکل گورنمنٹس فنکشنل ہوں اور اس اقدام سے اخر اجات بھی کم ہوں گے مزید الیکشن کمیشن مارچ 2022 میں تمام مراحل کے انتخابات مکمل کرنا چاہتا ہے،الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ اس اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن پہلے مرحلہ کی تاریخ کا حکم جاری کرے گا۔دوسری طرف الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی عدم حاضری کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ 21اکتوبرکو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں اور حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کے دو رکنی بینچ نے بلوچستان میں لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو سماعت کے نوٹس موصول ہوگئے تھے۔چیف سیکرٹری نے خط لکھا کہ صوبے میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب ہے اور وہ کیس کی سماعت کے دوران حاضر نہیں ہوسکتا اور واضح کیا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سماعت کے دوران حاضر ہوگا جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے یہ خط لکھا ہے کہ اس کی فلائٹ 13اکتوبر 2021کو منسوخ ہوگئی ہے او ر وہ الیکشن کمیشن کے روبرو پیش نہیں ہوسکتا۔
الیکشن کمیشن