ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے، اپوزیشن کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہونگی: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے، اپوزیشن کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہونگی، آئندہ آنیوالے دنو ں میں اہم قانون سازی سامنے آ سکتی ہے، تمام پارٹی ممبران کو ان تمام قوانین سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونیوالے پارلیمانی پارٹی ا جلا س کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاپارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں افغانستان کی صورتحال اور ہمسایہ ہونے کے ناطے انسانی ہمدردی کے تحت اٹھائے گئے اقدامات، بین الاقوامی روابط، کے حوالے سے پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا،ہم چاہتے ہیں افغانستان میں امن قائم ہو، معاشی صورتحال نہ بگڑے، وہ امن مخا لف قوتیں جو افغانستان کی مخدوش صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں انہیں موقع نہ مل سکے،اس حکمت عملی کے حوالے سے وزیر اعظم نے خود بھی بات کی اور مجھے بھی اظہار خیال کا موقع دیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہامہنگائی کی وجوہات اس کے اندرونی و بیر و نی عوامل اور ان سے نبرد آزما ہونے کی حکمت عملی پر بات چیت ہوئی، آئندہ چند روز میں ہمارے اقتصادی ماہرین کی ٹیم اس حوالے سے ممبر ز کو آگاہ کرے گی۔ آئندہ آنیوالے دنوں میں اہم قانون سازی سامنے آ سکتی ہے، تمام پارٹی ممبران کو ان تمام قوانین سے آگاہی حاصل کر نی چاہیے تاکہ دلائل کی بنیاد پر پارٹی کے نقطہ نظر کو آگے بڑھا سکیں۔ جہاں تک اپوزیشن کا تعلق ہے تو ان کیلئے یہی کہوں گا ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے،اپوزیشن کی یہ خواہشات کبھی پوری نہیں ہوں گی۔
شاہ محمود