تعلیم یافتہ نابینا افراد کی قابلیت پر کوئی شک نہیں، حنید لاکھانی

  تعلیم یافتہ نابینا افراد کی قابلیت پر کوئی شک نہیں، حنید لاکھانی

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر نا بینا افرادکے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نابینا افراد بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور پڑھے لکھے نابینا افراد کی قابلیت پر کوئی شک نہیں ہے صوبہ سندھ میں نابینا افراد کو سرکاری ملازمتوں میں نظر انداز کرنا نہایت افسوسناک عمل ہے، ضلعی انتظامیہ نے نابینا افراد کے ساتھ جو تحریری طور پر معاہدہ کیا ہے اس کے تحت نابینا افراد کو سرکاری نوکریاں دی جائیں، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ وفاقی حکومت سے بھی بصارت سے محروم افراد کے حقوق کی بات کرونگا، تمام مکاتب فکر کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کو بابینا افراد کے مسائل سے آگاہ کریں اور ان کے اندر موجودصلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیئے کام کریں تا کہ نابینا افراد کے مسائل حل ہو سکیں انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ پاکستان میں نا بینا افراد کو کارآمد شہر ی بنانے کے ادارے بہت کم تعداد میں ہیں اور ایسے خصوصی افراد کو کسی قسم کی کوئی سہولت یا آسانی بھی میسر نہیں ہے، ان حالات میں میڈیاکو بھی اپنی معاشرتی و قومی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے نہ صرف نابینا افراد کے مسائل کو حل کرنا چاہیے بلکہ نابینا افراد کی کارکردگی کو بھی سامنے لانا چاہئے، دنیا کے مختلف ممالک ایسے ہیں جو اپنے معاشرے کے خصوصی افراد کے لیئے ملازمتیں اور مواقع پیدا کرتے ہیں جس سے وہ لوگ معاشرے کی ترقی اور بہتری میں ایک ذمہ داری شہر ی کی طرح اپنی خدمات و کردار اداکرتے ہیں، ہمیں بھی اپنے ملک کے خصوصی افرادکے لیئے سرکاری ملازمتوں میں مخصوص کوٹے کے ساتھ ان لوگوں کے لیئے خصوصی اقدامات کرنے چاہیے تا کہ یہ لوگ بھی باعزت طریقے سے روزگار کما سکیں اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں، انہوں نے مزید کہا کہ قابلیت و صلاحیتوں کو ضائع کرنے کی بجائے استعمال کرنا چاہیے ہمارے ملک میں نہ جانے کتنے نا بینا افراد ہیں جو نہایت قابل اور با صلاحیت ہیں لیکن مواقع نہ ہونے کیو جہ سے ان کی قابلیت ضائع ہورہی ہے ایسے افراد کے لیئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا اور معاشرتی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔   

مزید :

صفحہ اول -