جنوبی کوریا کا جمہوریت اور خوشحالی کے راستے پر سفر قابل تحسین: صادق سنجرانی 

جنوبی کوریا کا جمہوریت اور خوشحالی کے راستے پر سفر قابل تحسین: صادق سنجرانی 

  

          اسلام آ باد (آئی این پی) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگ کوریا کیساتھ تعلقات کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جنوبی کوریا کا امن، جمہوریت اور خوشحالی کے راستے پر سفر قابل تحسین ہے، چند دہائیوں کے قلیل عرصے میں کوریا نے خود کو تکنیکی لحاظ سے ترقی یافتہ معیشت میں تبدیل کر دیا ہے، پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جس میں باہمی تعاون کے سیاسی، اقتصادی، سائنسی، دفاعی، ثقافتی اور دیگر شعبے شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے جنوبی کوریا کے سفیر نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ بدلتی ہوئی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے 16000سے زائد غیر ملکی شہریوں کو بحفاظت وطن پہنچایا، جنوبی کوریا کی درخواست پرپاکستان نے 392 کورین باشندوں کو بحفاظت کابل سے نکالا، پاکستان کوریا کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں کورین کمپنیوں نے پاکستان میں اپنی موجودگی اور مارکیٹ شیئر میں بتدریج اضافہ کیا ہے، پاکستان اور کوریا کے درمیان 1.122بلین امریکی ڈالر کی موجودہ باہمی تجارت دونوں ممالک کی صلاحیت سے بہت کم ہے، باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے فعال اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ تجارت کے فروغ کیلئے فری ٹریڈ ایگریمنٹ دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا، صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کوریا کے ساتھ تجارت کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، کوریاکوسی پیک منصوبوں اورعلاقائی روابط بڑھانے کیلئے خصوصی اقتصادی زونز میں بھی سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

صادق سنجرانی 

مزید :

صفحہ آخر -