رواں ہفتے مہنگائی میں کتنے فیصد اضافہ ہوا؟ محکمہ شماریات نے رپورٹ جاری کردی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی میں اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح 12.66 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹر، آلو، گھی، بکرے کا گوشت، ایل پی جی سلنڈر سمیت 22 اشیا مہنگی ہوئیں۔حالیہ ہفتے مہنگائی میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا۔ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 43 روپے 96 پیسے، گھی کی قیمت میں 2 روپے 99 پیسے،بکرے کے گوشت کی قیمت میں 4 روپے 58 پیسے، ٹماٹر 10 روپے67 پیسے،آلو کی قیمت میں 49 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ چینی کی اوسط قیمت 6 روپے 72 پیسے کمی کے ساتھ 100 روپے 33 پیسے فی کلو پر آگئی۔انڈے فی درجن 6 روپے 65 پیسے درجن سستے ہوئے جبکہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 11 روپے 5 پیسے سستا ہوا۔