لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیمپئنز ون ڈے کپ کی فاتح ٹیم کے مینٹور کو ایک کروڑ روپے کا انعام ملے گا۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق ذرائع پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ پہلے سیزن کی چیمپیئن ٹیم پینتھرز کے مینٹور ثقلین مشتاق پی سی بی سے جلد اپنا انعام وصول کریں گے۔ انعامی رقم ٹورنامنٹ کی اعلان کردہ انعامی رقم سے الگ ہے۔
پی سی بی نے حوصلہ افزائی کے لیے بونس کے طور پر رقم دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز وقار یونس، مصباح الحق، ثقلین مشتاق، شعیب ملک اور سرفراز احمد کو مینٹورز کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ اور مینٹورز کو ماہانہ 50 لاکھ روپے تنخواہ بھی دی جاتی ہے۔ایونٹ سے قبل بورڈ نے انعامی رقم میں مزید ایک کروڑ روپے فاتح کھلاڑیوں اور آفیشلز میں تقسیم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔