گورنر پنجاب سے ڈاؤن سینڈروم ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد کی ملاقات

Oct 15, 2024 | 08:25 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں  رکن صوبائی اسمبلی سلمی ہاشمی کی قیادت میں ڈاؤن سینڈروم ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔
    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ خصوصی بچوں کی دیکھ بھال کرنا اورانہیں تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنا کسی نیکی سے کم نہیں۔ گورنر پنجاب نے ڈان سینڈروم ایسوسی ایشن کے ڈاؤن سنڈروم بچوں کی شمالیاتی (inclusive) ماحول میں تعلیم و تربیت کرنے کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا بچوں کو اچھی تعلیم و تربیت دے کر معاشرے کا فعال رکن بنایا جا سکتا ہے۔ اس طرح کے ادارے جو انسانیت کی خدمت کررہے ہیں کی ہر طرح سے حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ گورنر پنجاب نے وفد کو ڈاؤن سنڈروم ایسوسی ایشن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراِئی۔
      رکن صوبائی اسمبلی سلمیٰ ہاشمی نے گورنر پنجاب کو ڈاؤن سینڈروم ایسوسی ایشن پاکستان کی ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا بچوں کو شمالیاتی تعلیم دینے اور انہیں معاشرے کا کارآمد حصہ بنانے کے لیے کوششوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم بھی ترقی یافتہ ممالک کی طرح اپنے ڈاؤن سینڈروم والے بچوں کو inclusive ماحول میں پروان چڑھائیں اور انہیں بہترین تعلیم و تربیت دیتے ہوئے معاشرے کے نہایت فعال ارکان بنائیں۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں یادگار کے طور پر پودا بھی لگایا۔وفد میں میجر (ر)انجم افروز رانا، سماجی کارکن مریم اعجاز اور ڈاؤن سینڈروم  والے بچے شامل تھے۔ 

مزیدخبریں