نیشنل گیمز کیلئے پنجاب سٹیڈیم اور دیگر مقامات دستیاب تھے،سپورٹس بورڈ

نیشنل گیمز کیلئے پنجاب سٹیڈیم اور دیگر مقامات دستیاب تھے،سپورٹس بورڈ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب سپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ16سے 22ستمبر تک نیشنل گیمز کیلئے پنجاب سٹیڈیم اور دیگر مقامات نیشنل دستیاب تھے۔سپورٹس بورڈ ترجمان کے مطابق پنجاب سپورٹس بورڈ کی جانب سے نیشنل گیمز کے انعقاد کے حوالے سے کوئی تاخیری حربہ استعمال نہیں کیااور ان گیمز کے انعقاد کیلئے فنڈز سمیت تمام معاملات کی تیاری مکمل ہوچکی تھی۔ ترجمان سپورٹس کے مطابق پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ملاقات میں واضح کیا گیا تھا پنجاب سپورٹس بورڈ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ہدایات پر عمل کرے گا اور سپریم کورٹ کی جانب سے نیشنل سپورٹس پالیسی پر عمل درآمد کیلئے اقدامات کرے گا اور سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق کسی بھی ایسوسی ایشن یا فیڈریشن کو کوئی عہدیدار دو ٹرم سے زیادہ عہدے پر نہیں رہ سکتا۔ اس لیئے صوبہ میں کھیلوں کی بہتری کیلئے پنجاب سپورٹس بورڈ صرف ان ایسوسی ایشنوں کو تسلیم کرے گا جو نیشنل سپورٹس پالیسی پر عمل کرینگی۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن اور اس کی ملحقہ ایسوسی ایشنز کے بہت سے عہدیدار غیر قانونی طور پر کام کر رہے ہیں اور وہ کوئی بھی گیمز کروانے کے اہل نہیں یہی وجہ ہے کہ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن نے نیشنل گیمز کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے کیونکہ انہوں نے اب تک پنجاب سپورٹس بورڈ کو نیشنل سپورٹس پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سےکوئی اقدام نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے فنڈز اور گراﺅنڈز دستیاب نہ ہونے کے باعث گیمز ملتوی کرنے کا اعلان جھوٹ پر مبنی ہے،گیمزکیلئے فنڈز اور وینیوز دستیاب تھے اور اس بارے میں پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو بھی آگاہ کر دیا تھا۔ سپورٹس بورڈ صوبہ میں کھیلوں کے فروغ کیلئے سب سے تعاون جاری رکھے گا اور آرگنائزرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں کھیلوں کا انعقاد کریں کیونکہ یہ سپورٹس ڈویلپمنٹ پلان کا حصہ ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...