اسلام دشمن فلم بناکر تعصب کو ہوادینے کی جان بوجھ کر کوشش کی گئی،بان کی مون

اسلام دشمن فلم بناکر تعصب کو ہوادینے کی جان بوجھ کر کوشش کی گئی،بان کی مون

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نیویارک (آئی این پی ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے نفرت آمیز اسلام مخالف فلم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تعصب کو ہوا دینے کی جان بوجھ کر کوشش کی گئی ہے۔ جمعہ کو عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی خاتون ترجمان وینینا میسٹراکی نے کہا ہے کہ بانکی مون کو لیبیا اور دیگر مشرق وسطیٰ ممالک میں اسلام مخالف فلم کی وجہ سے ہونیوالے امریکہ مخالف خونریز تشدد کے چھڑنے پر گہرا دکھ اور تشویش ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اس قسم کی ہلاکتوں اور حملوں کا کوئی جواز نہیں بنتا، بانکی مون نفرت آمیز فلم کی مذمت کرتے ہیں جو کہ جان بوجھ کر تعصب اور خون خرابے کا بیج بونے کی کوشش کی گئی ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر عالم اسلام سے صبر و تحمل سے کام لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مذاکرات، باہمی احترام اور مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ احتجاجاً قتل و غارت سے اجتناب کیا جائے۔ واضح رہے کہ فلم کی وجہ سے لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں ہونیوالے حملے میں امریکی سفیر اور تین دیگر امریکی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ یمن میں امریکی سفارت خانے پر حملے کی کوشش کے دوران چار افراد ہلاک ہوگئے اور قاہرہ میں امریکی سفارت خانے میں پرتشدد مظاہرے کیے گئے ہیں۔ فلم میں پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی ہے اور یہ فلم امریکہ میں مقیم کوپٹک عیسائیوں کی جانب سے بنائی گئی ہے، فلم کا مشتبہ پروڈیوسر ایک کوپٹک عیسائی ہے جو کیلیفورنیا میں مقیم ہے۔

مزید :

صفحہ اول -