صدر زرداری کے دورہ لاہور کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات

صدر زرداری کے دورہ لاہور کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات

لاہور (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ لاہور کے موقع پر پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی طرف سے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے‘ صدر کی لاہور آمد سے قبل ہی رینجرز اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے گورنر ہاﺅس کے اطراف میں ڈیوٹیاں سنبھال لی تھیں جبکہ پولیس کی گاڑیاں بھی پٹرولنگ کرتی رہیں۔ صدر زرداری کے پرانے ائیر پورٹ سے گورنر ہاﺅس روٹ پر سینکڑوں کی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات رہے جبکہ صدر کی گورنر ہاﺅس کی طرف روانگی سے قبل مختلف شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ۔قبل ازیں صدر زرداری کا لاہور ائیر پورٹ پہنچنے پر گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ نے استقبال کیا جبکہ اس موقع پروفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی‘ وزیر مملکت و سنٹرل پنجاب کے صدر امتیاز صفدر وڑائچ‘ قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد‘ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا ‘ اشرف سوہنا ‘ اسلم گل ‘عمر شرےف بخاری ،چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمو دکھوسہ اور آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمن بھی موجود تھے جبکہ پنجاب حکومت کی طرف سے کوئی بھی اعلیٰ شخصیت صدر کے استقبال کے لئے ائیر پورٹ پر موجود نہ تھی۔اس سلسلہ میں جب پنجاب حکومت کا موقف معلوم کیا گیا تو ایک نمائندے نے کہا کہ لاہور ائیر پورٹ پر آنےوالی کسی بھی شخصیت کے استقبال کے لئے ڈیوٹی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لگانی ہوتی ہے جبکہ صوبائی وزیر مہمانداری چودھری عبدا لغفور بارے بتایا گیا کہ وہ گزشتہ روز ایک میٹنگ کے سلسلہ میں اسلام آباد میںموجود تھے۔

مزید : صفحہ اول


loading...