سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بند کرنے کی تجاویز

سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بند کرنے کی تجاویز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نیوز رپورٹر) پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی انتظامیہ ورکر دشمن نکلی۔ انتظامیہ نے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن ختم کرنے کی تجاویز دے دیں، ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکاﺅنٹس کی ان تجاویز نے پنشنرز کے لئے مسائل و مصائب کے پہاڑ کھڑے کردیئے ہیں۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اپنے ریٹائرڈ ملازمین کے علاوہ اور ان کی بیواﺅں کے ساتھ نہ صرف اچھا سلوک رکھتے ہیں بلکہ ان کی ضرورت اور سہولت کے لئے وقتاً فوقتاً دیگرملازمین کی تنخواہوں کے ساتھ ساتھ ان کی پنشن میں بھی اضافہ کرتے رہتے ہیں لیکن پنجاب سمال انڈسٹریز کی انتظامیہ اس کے برعکس ظالمانہ اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ پی ایس آئی سی نے 75 فیصد بیواﺅں کوان کی پنشن سے مکمل طور پر محروم کردیا ہے اور ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکاﺅنٹس نے خود ساختہ منصوبہ بندی کے ذریعے اپنے عزیزوں کو ناجائز مراعات بخشنے کے لئے پنشن ڈائریکٹوریٹ تخلیق کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازمین کی ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ حمید اصغر اور جنرل سیکرٹری سلطان زیدی نے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ بیواﺅں کی آہوں کے درد و مصائب کو محسوس کریں اور ڈائریکٹر فنانس کی کارروائیوں کا نوٹس لیں جو ریٹائرڈ ملازمین کی کثیر تعداد کے مفادات کا قتل کررہا ہے۔ ایسوسی ایشن کی داخل کردہ درخواست صوبائی محتسب کے دفتر میں جاچکی ہے جس پر انہوں نے نوٹس لے لیا ہے اور ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکاﺅنٹس طلعت بٹ کو 17 ستمبر کو جواب کے لئے طلب کرلیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ عدالت عظمیٰ نے پی ایس آئی سی پنشنرز اور بیواﺅں کی پنشن جاری رکھنے کا بھی حکم دیا ہے لیکن اس کے باوجود انتظامیہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے توہین عدالت کی مرتکب ہورہی ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین اور بیواﺅں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ اگر انتظامیہ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل سے باز نہ آئی تو وزیراعلیٰ ہاﺅس اور پریس کلب کے سامنے شدید احتجاج کیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -