نشاءچودھری کی 7 سال بعد دوبارہ شوبز میں واپسی

نشاءچودھری کی 7 سال بعد دوبارہ شوبز میں واپسی

 لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ اور ماڈل نشاءچودھری کی 7 سال بعد دوبارہ سے شوبز میں واپسی ۔ نشاءچودھری شکل و صورت سے بالی ووڈ اداکارہ ملیکہ شراوت سے مشابہت رکھتی ہیں، وہ اس وقت سٹیج پر پرفارم کر رہی ہیں۔ نشا چودھری نے ایک گفتگو کے دوران بتایا کہ 2005ءمیں فحاشی کے خاتمے کی مہم کے دوران انہوں نے شوبز کو مکمل طور پر خیرباد کہہ دیا تھا کیونکہ وہ اس ماحول میں کام نہیں کرنا چاہتی تھیں۔ انہوں نے آج تک جتنا بھی کام کیا وہ صاف کیا۔ لاہور کے علاقے سمن آباد میں آنکھ کھولنے والی نشا چودھری کی تمام فیملی دوبئی سیٹل ہے اور وہ اپنے خاندان سے بغاوت کرکے دوبارہ سے شوبز میں آئی ہیں۔ نشا چودھری کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی عمر بتانے میں کبھی بھی ہچکچاہٹ سے کام نہیں لیا وہ اس وقت 25 سال کی ہیں اور ابھی شادی نہیں کرنا چاہتیں اور جو قسمت میں شہزادہ ہوا وہی مل کر رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پنجابی فلم بالکل نہیں کریں گی۔ اردو فلم میں اگر انہیں کوئی اچھا رول ملا تو وہ ضرور کریں گی۔ مجھے نام شہرت اور عزت بنانے کا شوق ہے اور انشاءاللہ ایک دن یہ مقام حاصل کروں گی۔ شان اور ریما کو اپنا آئیڈیل بتانے والی نشا چودھری نرگس اور حسن مراد کی فین بھی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ فلم ٹی وی ماڈلنگ اور اسٹیج چاروں شعبوں میں ایک دن ان کا نام ہوگا۔ اس سوال پر کہ آپ بھارتی اداکارہ ملیکہ شراوت سے مشابہت رکھتی ہیں نشا چودھری کا کہنا تھا میں اس بارے میں کچھ زیادہ تو نہیں جانتی لیکن میں جو کچھ بھی کروں گی وہ پاکستان کے لیے ہوگا اور ہاں اگر بالی ووڈ سے انہیں فلم کی آفر ہوتی ہے تو وہ سب سے پہلے اپنے ملک اور اپنے خاندان کی عزت کو مدنظر رکھیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں جس طرح سے وینا ملک نے اپنے آپ کو منوایا ہے وہ ایسا بالکل نہیں کریں گی نہ ہی اپنی اور اپنے ملک کی عزت خراب کریں گی۔ نشا چودھری نے کہا کہ فحاشی کرنے سے عزت نہیں ملتی اور نہ ہی مقام ملتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہدایت کار جرار رضوی ان کے محسنوں میں شامل ہیں۔ نشا چودھری نے بتایا کہ انہیں گلوکاری کا شوق بالکل نہیں ہے۔

مزید : ایڈیشن 1


loading...