فیکٹری پر چھاپہ،لاروا برآمد ،ٹیم مک مکا کر کے واپس
لاہور( جنرل رپورٹر) عزیز بھٹی ٹاﺅن کی طرف سے ٹاﺅن آفیسر پلاننگ کی قیادت میں ڈینگی لاروے کے معائنہ کیلئے فیرو زپور روڈ پر ایک معروف فیکٹری میں جانے والی ٹیم مک مکا کے بعد خالی ہاتھ واپس لوٹ آئی۔عزیز بھٹی ٹاﺅن کے عملہ کے مطابق اے سی کینٹ کی ہدایت پر عزیز بھٹی ٹاﺅن کی رسپانس کمیٹی کی ٹیم نمبر 3 کے سربراہ ٹاﺅن کے ٹاﺅن میونسپل آفیسر پلاننگ رائے اشرف بھٹی نے گذشتہ روز فیرو زپور روڈ پر واقع الیکٹرانک منصوعات بنانے والی کمپنی پر چھاپہ مارا۔اِس دوران ٹی او پی کی ٹیم نے فیکٹری سے جگہ جگہ جمع پانی دیکھا جبکہ صفائی کا نظام انتہائی ناقص تھا۔اُن کے ساتھ جانے والی ٹیم کے دو ملازمین نے بتایا کہ ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر انتظامیہ رائے اشرف کو ٹھنڈے کمرے میں لے گئی اور واپس آکر اُنہوں نے تمام ثبو ت ضائع کرادیا اور انتظامیہ کو اوکے کی رپورٹ دے دی اور فیکٹری سے لاروا برآمد ہونے کے باوجوداوکے کردیا۔ملازمین کا کہنا ہے کہ ٹی او پی نے مبینہ طور پر مک مکا کیا ہے۔عزیز بھٹی ٹاﺅن کے ٹی او پی رائے اشرف نے کہا کہ جو کارروائی بنتی تھی وہ کی ،مک مکا کے الزامات بالکل غلط ہیں ۔