ترکی نے پاکستان سیلا ب زذگان کیلئے ماڈل ولیج بناکر ہمارے دلوں میں گھر بنالئے:حمزہ شہباز

ترکی نے پاکستان سیلا ب زذگان کیلئے ماڈل ولیج بناکر ہمارے دلوں میں گھر ...

  

لاہور (پ ر)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ورکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک ترک دوستی دونوں ملکوں کے عوام کیلئے ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بن چکی ہے ترکی سے تعلقات کو ہم اپنی بلندترین چوٹی کے ٹو سے بھی اونچا لے جائیں گے۔ ترک تنظیم نے پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے ماڈل ویلج بناکر ہماری قوم کے دلوں میں گھر بنالئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارترکی کی غیرسرکاری تنظیم (kimse-yokmu)کی طرف سے ضلع مظفرگڑھ کے سیلاب زدگان کیلئے 55کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے علامہ اقبال ٹرکش ویلج میں گھروں کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کا معیار دیکھ کر خوشی ہوئی اور ایسا محسوس ہوا کہ وہ مظفر گڑھ میں نہیں ٹرکی میں آئے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے انہیں خصوصی طورپر ہدایت کی تھی کہ سیلاب زدگان کے پاس جائیں اور ترکی کی قوم کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سیلاب زدگان میں چابیاں تقسیم کرکے انہیں ان کی طرف سے مبارکباد دیں۔ اس موقع پر ترکی کی این جی او کے صدر Ismail cingozنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی حکومت اور عوام نے پاکستان کا ہرمشکل میں ساتھ نبھایا ہے انہوں نے کہا کہ مصور پاکستان اور عظیم شاعروسکالر علامہ اقبال کے نام پر یہ کالونی قائم کی گئی ہے اور 296گھروں میں دوکمرے، کچن، باتھ روم، پانی و بجلی کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں کالونی میں پارک، سکول، بازار، مسجد ،90ٹن کاواٹرٹینک ،شاپنگ سنٹر بھی تعمیر کیا گیا ہے اس موقع پر صوبائی وزیر قانونی وپارلیمانی اموررانا ثناءاللہ، صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد، صوبائی وزیراوقات و مذہبی امور ہارون سلطان بخاری، ایم پی ایز اور انتظامی افسران کے علاوہ پاک ترک سکول کے اساتذہ، طلبا وطالبات اور زندگی کے ہرشعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے حمزہ شہباز شریف نے مستحق خاندانوں کے سربراہان میں گھروں کی چابیاں اور اسناد ملکیت تقسیم کیں۔ قبل ازیں انہوں نے ویلج میں گھروں، مسجد، پارک اور سکول کا معائنہ کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ترکی کے ساتھ مل کر پاکستان کے پہاڑ جیسے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے ہم بجلی اور دیگر بحرانوں سے نمٹ کر پانچ سال بعد قوم کے سامنے سرخروہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا ہے۔

حمزہ شہباز

مزید :

صفحہ اول -