نصیر آباد: دو گروپوں میں تصادم، چار افراد ہلاک
نصیر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ضلع نصیر آباد میں دو مسلح گروپس میں تصادم کے نتیجے میں کم سے کم چار افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں ۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امیر محمد نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع نصیرآباد کے علاقے بابا کوٹ میں پانی کے تنازع پر دو مسلح گروپس میں جھڑپ ہوئی جس میں چار افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلہ میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے، فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا،زخمی ہونے والے افراد کو نصیرآباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور وہاں پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں گروپوں میں پانی کے تنازع پر جھڑپ ہوئی جس کے بعد علاقے میں خوف پھیل گیا،معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اورصورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے بابا کوٹ کے علاقے میں پولیس کی مزید نفری کو بھی طلب کرلیا گیا۔خیال رہے کہ نصیرآباد بلوچستان کا ایک حساس ضلع ہے جہاں اس قبل بھی متعدد بار اس قسم کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔