مقبوضہ کشمیر میں بس کھائی میں گرنے سے 13 مسافر جان کی بازی ہار گئے
سرینگر(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں مسافر بس کے گہری کھائی میں گرنے سے 13 مسافر ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں ایک مسافر بس 300 فٹ گہری گھاٹی میں گر کر تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 13 مسافر ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ریسکیو اداروں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والے مسافروں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ضلع کشتواڑ کے ڈپٹی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے افسوسناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 5، 5 لاکھ اور زخمیوں کے لیے فی کس 50 ہزار امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔