بچےکی میت موٹر سائیکل پر گھر لے جاتے والد اور چچا بھی حادثے میں جاں بحق، ہرآنکھ نم ہوگئی
کراچی، میرپور خاص(ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع میرپور خاص میں بچےکی میت موٹر سائیکل پر گھر لے جانے والے والد اور چچا بھی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ، اس معاملے کی تحقیقیاتی رپورٹ آج پیش کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میرپور خاص میں والد اور چچا سول اسپتال سے بچے کی میت لے جا رہے تھے کہ اس دوران ٹرک کی ٹکر سے دونوں افراد جاں بحق ہو گئے۔سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خلیل میمن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بچے کے والد اور چچا اسپتال انتظامیہ کو بتائے بغیر میت لے کر چلے گئے، میت لے جانے کے لیے ایمبولینس نہیں مانگی گئی۔
بعدازاں بچے کے نانا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایمبولینس کے لیے ڈرائیور نے 2500 روپے مانگے تھے اور ہمارے پاس صرف 300 روپے تھے، بہت منتیں کیں لیکن ایمبولینس کا ڈرائیور نہیں مانا جس پر میت کو موٹر سائیکل پر لے جانے کا فیصلہ کیا۔پولیس کے مطابق واقعے پر تین مختلف تحقیقات ہو رہی ہیں کیونکہ محکمہ صحت اور ڈپٹی کمشنر نے الگ الگ تحقیقات کاحکم دیا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے محکمہ صحت نے 2 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے ایم این اے میر منور تالپور نے بھی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی بنائی ہے۔پولیس کے مطابق تینوں تحقیقاتی رپورٹس آج ہی پیش کی جائیں گی۔