سعودی تیل کے کنوﺅں پر حملہ، پاکستان نے سعودی عرب کیلئے پیغام جاری کر دیا
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان نے سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان ہر طرح کی آزمائش میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے ۔
پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب میں پیش آنے والے اس واقعہ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسے واقعات سے علاقائی امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ امید کرتے ہیں آئندہ ایسے واقعات نہیں ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کیلئے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی آرامکو آئل ریفائنری کے دو پلانٹس پر گزشتہ روز ڈرون حملے کیے گئے جس کے باعث بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی اور تیل کی سپلائی آدھی رہ گئی ہے جو کہ پوری دنیا کا 5 فیصد بنتا ہے ۔ابتدائی طور پر سعودی عرب کے تیل کے کنوﺅں پر حملے کی ذمہ داری حوثی باغیوں کی جانب سے قبول کی گئی تاہم امریکہ نے اسے مسترد کر دیاہے اور کہاہے کہ یمن سے ڈرون آنے کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں جبکہ ایران اس حملے میں براہ راست ملوث ہے ۔