حکومت اسلام آباد لاک ڈاؤن سے خوفزدہ،جعلی حکمرانوں کا بوریا بستر گول کرکے گھر بھیج دینگے:اکرم خان درانی

حکومت اسلام آباد لاک ڈاؤن سے خوفزدہ،جعلی حکمرانوں کا بوریا بستر گول کرکے گھر ...
حکومت اسلام آباد لاک ڈاؤن سے خوفزدہ،جعلی حکمرانوں کا بوریا بستر گول کرکے گھر بھیج دینگے:اکرم خان درانی

  


بنوں(ڈیلی پاکستان آن لائن) اپوزیشن کے رہبر کمیٹی کے چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنما  اکرم خان دُرانی نے کہا ہے کہ حکمران جمعیت کے اسلام آباد لاک ڈاؤن سے خوفزدہ ہیں،ہمیں کنٹینر دینے کی آفر کرنے والے کیو ں پیچھے ہٹ رہے ہیں؟ جمہوری ملک میں برداشت اور روادری حکمرانوں کا شیوہ ہوتا ہے،جعلی حکمرانوں کا بوریا بستر گول کرکے گھر بھیج دینگے، قائد مولانا فضل الرحمن صرف اشارہ کرینگے اور لاکھوں کارکنان اسلام آباد مارچ کیلئے تیار بیٹھے ہیں، مغرب زدہ حکومت اور اُن کی ٹیم کے جانے تک اسلام آباد میں موجود رہیں گے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہا کہ قائد مولانا فضل الرحمن کی جانب سے اسلام آباد لاک ڈاؤن کے اعلان کےبعد سے حکمرانوں کے ایوانوں میں ہل چل پیدا ہوگئی ہے،تحریک انصاف جمہوریت کا گلا گھونٹ کر بیرونی اشارو ں پر ملک میں بے حیائی پھیلانے کی سازشیں کررہی ہے،جے یو آئی نے اسلام آباد مارچ کی تیاریاں شروع کردی ہیں جس کیلئے انتظامات کو آخری شکل دی جارہی ہے،آزادی مارچ سے ثابت کرینگے کہ اسلام آباد کس طرح جام ہوتا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ سیاست اور کرکٹ کے میدان میں بہت فرق ہوتا ہے،عمران خان بڑے بڑے دعوے کرتے تھےکہ قومیں میٹرو اور سڑکوں سے نہیں بنتی لیکن انہوں نے خود بی آر ٹی پشاور شروع کرکے کیا ثابت کیا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کیلئے ملک کے کونے کونے میں پارٹی کارکنوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں،اسلام آباد پہنچ کرجعلی حکومت کو بتائینگے کہ 25جولائی کا الیکشن اور سینیٹ کا الیکشن جعلی تھے ۔

اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ مغرب کے نمائندے کو یہاں پر بیٹھا کر مغرب کی تہذیب مسلط کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے،آج ملک میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں  لیکن جب تک مولانا کا ایک بھی سپاہی زندہ ہے کوئی مائی کا لعل اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا اور نہ ہی کسی غیر آئینی اور غیر قانونی اور غیر اسلامی قوانین کی اجازت دیں گے۔

مزید : علاقائی /خیبرپختون خواہ /بنوں


loading...