کراچی: درآمد کی گئی دو لاکھ میٹرک ٹن گندم پاکستان پہنچ گئی
کراچی (اکنامک رپورٹر)نجی شعبے کی جانب سے درآمد کی گئی دو لاکھ میٹرک ٹن گندم پاکستان پہنچ گئی ہے۔حکومت نے رواں برس گندم کی قلت کے پیش نظر نجی شعبے کو ڈیوٹی فری گندم کی درآمد کی اجازت دی تھی۔درآمد کنندہ مزمل چیپل کے مطابق نجی شعبے کی جانب سے مجموعی طورپر گندم کے 14 جہاز بک کروائے گئے ہیں۔ مجموعی طورپر 8 لاکھ 50 ہزار ٹن گندم کی درآمد کے معاہدے کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک تین جہاز تقریبا 2لاکھ میٹرک ٹن گندم لیکرپاکستان پہنچ چکے ہیں۔ستمبر میں گندم کے مزید 7 جہاز، اکتوبر میں 3 اور نومبر میں 4 جہازوں کی آمد متوقع ہے۔گندم کی درآمد سے ملک میں آٹے کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بروقت گندم کی درآمد کا فیصلہ کیا۔اب بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔گندم کی درآمد کے ابتدائی معاہدے 230 ڈالر سے 244 ڈالر فی میٹرک ٹن میں کئے گئے۔اس وقت قیمت بڑھ کر 260 ڈالر فی میٹرک ٹن ہو گئی ہے۔