وفاقی حکومت  بارش متاثرین کی عملی مدد کرے،کاشف سعید شیخ

وفاقی حکومت  بارش متاثرین کی عملی مدد کرے،کاشف سعید شیخ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت محض اعلانات کی بجائے بارش متاثرین کی عملی مدد کرے۔ عوام کو بھکاری نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے کرپشن فری و عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا سندھ کے بارش متاثرہ علاقوں کا دورہ نہ کرنا افسوس ناک اور بے حسی کی انتہا ہے کیونکہ وہ کسی ایک صوبے کے نہیں پورے پاکستان کے وزیر اعظم ہیں،مصیبت زدہ عوام کی دادرسی ان کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے ضلع دادو کے گوٹھ بہاول ببر میں بارش متاثرین کیلئے قائم الخدمت خیمہ بستی میں امدادی سامان تقسیم کے دوران کیا۔ الخدمت سندھ کے ڈیزاسٹر ڈائریکٹر خیر محمد تنیو، امیر ضلع دادو مولانا واحد بخش ودیگر مقامی رہنمابھی ان کے ہمراہ تھے۔ جماعت اسلامی کے رہنماء نے کہا کہ اس وقت کراچی تا کشمور پورا صوبہ مسائل کا شکار ہے۔ حالیہ بارش کے دوران پورے صوبہ میں 150 کے قریب افراد لقمہ اجل جبکہ بڑے پیمانے پر فصلوں،مویشی، گھروں و دیگر املاک کا نقصان ہوا مگر صوبائی اور وفاقی حکومت اب تک اعلانات  تک محدوداوربڑی بڑی سرکاری گاڑیوں و جہازوں پر دوروں کے علاوہ متاثرین کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔ صوبائی رہنماء نے کہا کہ جماعت اسلامی پارٹی رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ سندھ کے بارش متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے حسب حال امداد کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -