اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ 40روپے مقرر کرنے کی منظوری 

اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ 40روپے مقرر کرنے کی منظوری 

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا35واں اجلاس منعقد ہوا۔کابینہ اجلاس میں لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر پیش آنے والے دلخراش واقعہ کی شدید مذمت کی گئی۔ پنجاب کابینہ نے متاثرہ خاتون اورخاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیااورمتاثرہ خاتون کو جلد از جلد انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔اجلاس میں اندوہناک واقعہ میں ملوث ملزمان کوجلد قانون کی گرفت میں لانے کے عزم کا اظہارکیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی کے لئے کوئی کسراٹھا نہ رکھے گی۔متاثرہ خاتون کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔انصاف کی جلد فراہمی یقینی بنائیں گے۔کیس پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے،جلد اچھی خبر دیں گے۔غیر ذمہ دارانہ بیان پر سی سی پی او لاہور کو شوکاز نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیاگیا ہے۔انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے پنجاب کابینہ کو کیس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔پنجاب کابینہ نے اورنج لائن میٹروٹرین کا کرایہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹرین کا کرایہ 50روپے مقررکرنے کی تجویز مسترد کردی۔اجلاس میں لاہور کے شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے ٹرین کا کرایہ40روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں نئی پبلک ٹرانسپورٹ کی رجسٹریشن کیلئے اختیارات عارضی طور پر موٹروہیکلز ایگزامینیرزکو دینے ِکا فیصلہ کیا گیاجبکہ کورونا کی صورتحال کے تحت محکمہ ہائر ایجوکیشن میں طلبہ کی پرموشن /ایگزامینیشن پالیسی 2020 کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب سیزڈاینڈفریز ڈانسٹی ٹیوشنز (مدارس اینڈ سکولز)ایکٹ2019 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن کی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے صوبے میں یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ کرنے کے اقدام کی منظوری دے دی۔ وفاقی حکومت کی مشاورت سے پہلے مرحلے میں کلاس ون سے کلاس5تک یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ کیا جائے گا۔اجلاس میں اڈیالہ روڈ راولپنڈی میں واقع جناح پارک کی مینجمنٹ کی لیز میں توسیع کافیصلہ کیاگیا اورکابینہ نے توسیع کی منظوری دی۔اجلاس میں ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ممبرزکی تقرری اورپنجاب پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے 2019 کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پروٹیکشن ایگنسٹ ہراسمنٹ آف ویمن ایٹ ورک پلیس  ایکٹ2010 میں ترمیم اوردی پنجاب ڈرگز ترمیمی بل 2020 کی منظوری دی گئی۔ملتان کے غلہ گودام کی پرانی عمارت میں جنرل ہسپتال کے قیام کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ میں بنانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مختلف کمپنیوں اور انتظامی محکموں کی لگژری گاڑیاں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے پول میں بھجوانے کی منظوری دی گئی۔گاڑیوں کے استعمال یا نیلام کے حوالے سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔اجلاس میں پنجاب ایمپلائزسوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوٹ کی گورننگ باڈی کیلئے غیر سرکاری ارکان کی تعیناتی،پنجاب ورکرز ویلفیئربورڈ کی گورننگ باڈی کی تشکیل اور پنجاب سوشل سیکورٹی ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دی گئی۔کابینہ کے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے تیسرے پارلیمانی سال 2020-21کے سالانہ کیلنڈرکی منظوری دی گئی۔اجلاس میں کنیئرڈ کالج کی پرنسپل کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ میں ہونے والے فیصلوں کی مشروط توثیق کی گئی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 34 ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی۔سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 37 ویں، 38ویں اور 39ویں اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور کے 28 ویں اور 29 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔ سردار عثمان بزدار نے قصور کے علاقے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقتولین کے لواحقین کو ہرقیمت پر انصاف فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمی بچوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ سردار عثمان بزدارنے جمہوریت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت کا تسلسل انسان کے سماجی ومعاشی ارتقا کاضامن ہے۔ مساوی حقوق کے تحفظ کیلئے جمہوریت ہی بنیادی امر ہے۔جمہوریت عوام کو اقتدار میں شراکت دار بناتی ہے۔ جمہوریت ہی فرد کے بنیادی انسانی حقوق کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوری اقدار کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اورجمہوریت اور جمہوری ادارو ں کے استحکام کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدارہونے کے باوجودانڈیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کو مسخ کررہاہے۔

مزید :

صفحہ اول -