ملکی ترقی میں اقلیتوں کا نمایاں کردار رہاہے،وزیرزادہ

ملکی ترقی میں اقلیتوں کا نمایاں کردار رہاہے،وزیرزادہ

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے پیر کے روز اے جی گرائمر پرائمری  سکول سواتی پھاٹک پشاور کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے اقلیتی کمیونٹی کے مستحق طلباء وطالبات میں یونیفارم اور درسی کتب کے حصول کے لیے مالی امداد کے طور پر چیکس تقسیم کئے۔اس موقع پر معاون خصوصی وزیر زادہ کے اعزاز میں  ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اقلیتی برادری کے سابقہ ٹاؤن ممبر آصف یوسف، سابقہ کونسلر ایڈم عنایت، پرنس سلمان،  سماجی کارکن آگسٹن جیکب ودیگر نے بھی شرکت کی۔ وزیرزادہ نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر پورے صوبے کے 23 سکولوں میں اقلیتی کمیونٹی کے مستحق طلباء وطالبات میں یونیفارم اور درسی کتب کے لئے اب تک 89لاکھ روپے دئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے مستحق طلباء وطالبات کو کالجوں اور سکولوں کے علاؤہ یونیورسٹیوں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھی سکالرشپس جبکہ مستحق طلباء وطالبات کو مالی معاونت دینے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی اور ترقی میں کرسچن کمیونٹی سمیت دیگر اقلیتوں نے بھرپور کردار ادا کیا اور کر رہے ہیں۔پاکستان میں اقلیتی برادری بالکل محفوظ ہے اور حکومت ان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں صوبے میں اقلیتوں کی ترقی کے لئے تمام تر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل بروقت ممکن بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لئے جلدازجلد ہاؤسنگ سکیمز اور روزگار کے لئے قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی

مزید :

پشاورصفحہ آخر -