مشیر تعلیم میاں خلیق الرحمان کا مختلف کالجز کا اچانک دورہ

مشیر تعلیم میاں خلیق الرحمان کا مختلف کالجز کا اچانک دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے تعلیمی اداروں کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے گورنمنٹ کالجز کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے طلبا و طالبات کے لئے کالجز میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اور حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق مشیر اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے 15 ستمبر سے کالجز کھلنے سے قبل گذشتہ روز اچانک گورنمنٹ ڈگری کالج حیات آباد اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج حیات آباد پشاور کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ قائمقام ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن پروفیسر ظہور الحق بھی انکے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مردانہ و زنانہ کالجز میں طلبا و طالبات کے لئے حکومتی ایس او پیز کے تحت انتظامات کا جائزہ لیا۔ زنانہ و مردانہ کالجز میں مشیر اعلیٰ تعلیم کو کئے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ کالجز میں طلبا و طالبات کے لئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کلاس رومز میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہیں۔ کالج میں داخل ہونے پر طلبا و طالبات کو ہاتھ دھونے اور ہاتھوں کو سینیٹائز کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ کالج گیٹ پر طلبہ کا ٹمپریچر چیک کیا جائیگا۔ اس مقصد کے لئے تمام کالجز نے ضروری سامان کا بندوبست کیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ کالج میں طلبہ کو ایک دوسرے سے مصافحہ و معانقہ کرنے پر سختی سے پابندی ہوگی۔ اس موقع پر مشیر اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے انہوں نے کہا کہ طلبہ کی زندگیاں ملک و قوم کے لئے انتہائی قیمتی ہیں اس پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اقدامات تسلی بخش ہیں انہوں نے کالجز انتظامیہ کو ماحول کی صفائی پر زور دیا۔تاکہ ہمارے مستقبل کے معمار بہتر طریقے سے تعلیم حاصل کرسکیں اور تعلیم کا جو سلسلہ کورونا کی وجہ سے ادھورا رہ گیا تھا دوبارہ اسی جذبے کے تحت شروع کیا جاسکیں۔