ملک بھر میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

ملک بھر میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے کھل گئے
ملک بھر میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں۔پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی واعلیٰ ثانوی سکول،کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئی ہیں۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق کووڈ 19 کے باعث پاکستان میں چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے مرحلہ وار کھلنے کا آغاز ہوگیا۔میٹرک، انٹر اور یونیورسٹی کے طلبا کی کلاسز شروع ہوگی۔تعلیمی اداروں میں کرونا سے بچاؤ کےلئے سپرے کئے گئے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق پہلے مرحلے میں نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے طالب علموں کو سکول اور کالج بلایا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں آٹھویں جماعت کے طلبا کو سکول آنے کی اجازت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے میں پرائمری سکول کے بچے سکول جائیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کوسکول بلایا جائے گا۔

ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں سکول نہ بھیجیں، طبیعت خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں اور اگر ٹیسٹ مثبت آئے تو سکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل ہو اس بات کو یقینی بنانے کےلئے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں سکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے سبب رواں سال مارچ میں تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے تھے اور 6 ماہ کے بعد آج 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -اسلام آباد -