ڈومیسٹک سیزن کیلئے قومی کرکٹرز کی کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری مگر کھلاڑیوں کو کس بات کا خدشہ ہے؟

ڈومیسٹک سیزن کیلئے قومی کرکٹرز کی کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری مگر کھلاڑیوں کو ...
ڈومیسٹک سیزن کیلئے قومی کرکٹرز کی کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری مگر کھلاڑیوں کو کس بات کا خدشہ ہے؟
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) خدشات کے سائے میں قومی کرکٹرز کی کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے اور اگر کسی کھلاڑی کی رپورٹ مثبت آئی تو قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کیلئے کیمپ جوائن کرنے کے بجائے قرنطینہ اختیار کرنا ہو گا۔ 

تفصیلات کے مطابق نئے ڈومیسٹک سیزن کیلئے کورونا ٹیسٹنگ کا سلسلہ گزشتہ روز شروع کیا گیا جس پر قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی 6 ٹیموں میں شامل بیشتر کرکٹرز، میچ آفیشلز، ڈرائیورز اور متعلقہ عملے نے خدشات کے سائے میں اپنے علاقوں میں موجود لیبارٹریز میں سیمپل جمع کرا دئیے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ پر آنے والے اخراجات ادا کرنے کا وعدہ بھی کر لیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں میں ایک تشویش کی لہر موجود ہے کہ ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تو 14روزہ قرنطینہ میں جانا پڑے گا۔ پی سی بی نے ریزروز کی فہرست پہلے ہی جاری کررکھی ہے، پالیسی کے مطابق پہلی جانچ میں منفی نتیجے پر ہی بورڈ کے سینٹرل سٹیشن میں دوسرے ٹیسٹ کیلئے بلایا جائے گا۔ 

تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون میں شامل کھلاڑیوں کے سیمپل جمعہ کے روز لئے جانے کا امکان ہے، دونوں بار کلیئر ہونے والے کھلاڑی اور آفیشلز بائیو سیکیور ببل تک محدود ہوجائیں گے، اس مخصوص زون میں کرکٹرز، مینجمنٹ، آفیشلز، ڈاکٹرز، بس ڈرائیورز اور متعلقہ عملے کے ارکان کو رکھا جائے گا۔ ان تمام افراد کو عوامی مقامات پر آزادی سے گھومنے پھرنے کی قطعی اجازت نہیں ہو گی، کھلاڑیوں اور معاون سٹاف سے اہل خانہ،عزیز اور دوست بھی ملاقات کیلئے نہیں آ سکیں گے۔ 

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت و حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، کرکٹرز ملک کے مختلف حصوں میں موجود ہیں، اس لئے لاجسٹک مسائل کے باعث پہلے ٹیسٹ خود کروا رہے ہیں،اس کے واجبات کی ادائیگی پی سی بی بعد میں کردے گا جبکہ دوسرے ٹیسٹ بورڈ کے زیر اہتمام ہوں گے۔ 

انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ سے واپس آنے والے کرکٹرز 25 ستمبر کو اپنی ڈومیسٹک ٹیموں کو جوائن کریں گے کیونکہ طویل دورے کے بعد انہیں اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کی اجازت دی گئی ہے۔ کورونا کی حالیہ صورتحال میں یہ پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے،مشکلات کے باوجود ڈومیسٹک سیزن کا باقاعدہ آغاز کرنا ہمارے لئے فخر کی بات ہوگی۔

یاد رہے کہ مارچ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے پلے آف اور فائنل ملتوی کئے جانے کے بعد سے پاکستان میں کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہیں،اب بائیو سیکیورٹی میں میچز کا پہلا تجربہ کیا جا رہا ہے، اس کیلئے کورونا ٹیسٹ سمیت اضافی اخراجات بھی ہوں گے۔

مزید :

کھیل -