ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم ہونے کا معاملہ، محمد حفیظ نے بیروزگار ہونے والے کرکٹرز کیلئے بڑا اعلان کر دیا

ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم ہونے کا معاملہ، محمد حفیظ نے بیروزگار ہونے والے کرکٹرز ...
ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم ہونے کا معاملہ، محمد حفیظ نے بیروزگار ہونے والے کرکٹرز کیلئے بڑا اعلان کر دیا
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راﺅنڈر محمد حفیظ بے روزگار کرکٹرز کا مقدمہ وزیراعظم کے سامنے پیش کریں گے جن کا کہنا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم ہونا بڑا دھچکا ہے اور ہمارے ساتھ کھیلنے والے کئی کرکٹرز بہت تکلیف میں ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں محمد حفیظ نے کہا کہ نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کی وجہ سے بہت زیادہ بے روزگاری ہوئی جبکہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کا ختم ہونا بڑا دھچکا ہے جس کے باعث ہمارے ساتھ کھیلنے والے کئی کرکٹرز بہت تکلیف میں ہیں،ان کے ساتھ کام کرنے والے معاون سٹاف کے ارکان بھی مشکلات کا شکار ہیں،بورڈ پہلے متبادل سسٹم تیار کرے اور پھر پہلے والے سسٹم کو ختم کرے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ کرکٹرز ٹیکسی چلا رہے ہیں،میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بڑی عزت کرتا ہوں کیونکہ کسی کھلاڑی کو راتوں رات پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کنٹریکٹ نہیں مل سکتا،کلب سے لے کر اوپر تک کئی مراحل ہیں، اس دوران بھی ضروریات ہوتی ہیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹس کا اس ضمن میں اہم کردار تھا، مجھے 2000ءمیں کنٹریکٹ نہ ملتا تو گھر کیسے چلاتا، اچھے بیٹ، گلوز اور دیگر سامان کہاں سے خریدتا، دیکھا جائے تو رواں سال کنٹریکٹ پانے والے 192 کرکٹرز بھی تو ختم کئے جانے والے اسی سسٹم سے آئے ہیں۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی آبادی ہم سے کم لیکن وہاں18 ٹیمیں کھیل سکتی ہیں تو پاکستان میں صرف6 کیوں؟ 22 کروڑ عوام میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ صرف چند صوبائی ٹیموں میں نہیں سمویا جا سکتا،میرے دل میں متاثرہ کرکٹرز کیلئے بڑا درد ہے اس لئے میں پوری کوشش کروں گا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرکے ان کے سامنے یہ کیس پیش کروں۔

سینئر آل راﺅنڈر نے تجویز پیش کی کہ کمزور زمبابوین ٹیم کے خلاف ہوم سیریز میں ان سمیت سینئرز کو آرام دے کر بیک اپ میں موجود نئے ٹیلنٹ کو موقع دیا جائے، بابر اعظم بھی بطور اوپنرکھیلنے کے بجائے کسی نوجوان کو میدان میں اتاریں، نوجوانوں کو موقع ملے گا تو مینجمنٹ کو یہ فیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی کہ کون سا بیٹسمین پہلے، دوسرے، تیسرے یا چوتھے نمبر پر مستقبل میں ٹیم کے کام آ سکتا ہے۔

مزید :

کھیل -