انگلینڈ کیخلاف آخری میچ میں حیدر علی کو کس کے کہنے پر تیسرے نمبر پر بیٹنگ کروائی گئی؟ محمد حفیظ نے انکشاف کر دیا

انگلینڈ کیخلاف آخری میچ میں حیدر علی کو کس کے کہنے پر تیسرے نمبر پر بیٹنگ ...
انگلینڈ کیخلاف آخری میچ میں حیدر علی کو کس کے کہنے پر تیسرے نمبر پر بیٹنگ کروائی گئی؟ محمد حفیظ نے انکشاف کر دیا
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے خود مینجمنٹ سے درخواست کی تھی کہ حیدر علی کو تیسرے نمبر پر بھیجا جائے تاکہ وہ کارکردگی دکھانے میں آسانی محسوس کریں۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں حیدر علی نے ٹی 20 انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا اور پہلے ہی میچ میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر ناصرف میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ڈیبیو میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بننے کیساتھ ساتھ دنیائے کرکٹ کے لیجنڈز کی توجہ بھی حاصل کی۔ 

آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں مینجمنٹ سے خود درخواست کی تھی کہ حیدر علی کو تیسرے نمبر پر بھیجا جائے تاکہ وہ پرفارم کرنے میں آسانی محسوس کرے، سینئرز کا بیٹنگ آرڈر آگے پیچھے بھی ہو جائے تو ان کیلئے اتنا مسئلہ نہیں ہو گا لیکن نوجوانوں کو اعتماد دینا چاہیے اور مجھے بہت زیادہ خوشی ہے کہ حیدر علی نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ 

محمد حفیظ نے مزید کہا کہ کسی کے کہنے پر کرکٹ کھیلی نہ چھوڑوں گا،فٹنس اور فارم برقرار ہے۔ ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت باقی رہی تو آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کی کوشش کروں گا۔انگلینڈ سے پہلے ٹی 20 میچ کے وقت ہی مجھ پر سخت تنقید ہو رہی تھی، دعائیں کرتا ہوا میدان میں گیا، شکر ہے کہ اگلے دونوں میچز میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا۔

مزید :

کھیل -