پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹم کی مشترکہ کارروائی، 2700 کلو گرام منشیات برآمد

پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹم کی مشترکہ کارروائی، 2700 ...
پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹم کی مشترکہ کارروائی، 2700 کلو گرام منشیات برآمد

  

کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹم کا انٹیلی جنس پر مبنی کاﺅنٹر نارکوٹکس کا ایک اور کامیاب آپریشن جس کے نتیجے میں سمندری میں2700کلوگرام منشیات اور 8 افراد کو اپنی تحویل میں لے لیا گیا۔ پی ایم ایس اے کے طیارے نے معمول کی گشت کے دوران اپنی سمندری حدود میں ایک مشکوک کشتی کی نشاندہی کی جو کہ ماہی گیروں کی کشتیوں کے درمیان میں چھپی ہوئی تھی  جس پر پی ایم ایس اے کے جہاز کو فوراً روانہ کیا گیا۔ جہاز کشتی کی جانب گامزن ہوا۔ مشتبہ کشتی نے جب پی ایم ایس اے کے جہاز کو آتے دیکھا تو وہ کھلے سمندر کی طرف بڑھنے لگی۔ اس نے فرار ہونے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ ناکام رہی اور جب کشتی کے عملے کو یقین ہوگیا کہ وہ پکڑے جائیں گے تو سمگلروں نے شواہد کو ختم کرنے کے لیے کشتی کو آگ لگادی اور خود کھلے سمندر میں کود پڑے۔ 

پی ایم ایس اے کے جہاز نے آگ بجھانے کے لیے پوری کوشش کی لیکن آگ زیادہ پھیلنے کی وجہ سے کشتی سمندر میں ڈوب گئی۔ پی ایم ایس اے کے جہاز نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام 8سگلروں کو سمندر سے نکال کر اپنی حراست میں لے لیا۔ اس کے علاوہ تقریباً 2700 کلوگرام منشیات (چرس) بھی اپنے قبضے میں لے لی جو کہ پانی پر تیر رہی تھی۔ بین الاقوامی منڈی میں منشیات کی مالیت 820 ملین پاکستانی روپے ہے۔ پکڑی گئی منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کسٹم کے حوالے کیا جارہا ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتے میں سمگلنگ کے خلاف یہ تیسرا کامیاب آپریشن ہے۔ اس سے قبل دو کارروائیوں کے نتیجے میں ایرانی ڈیزل کی غیر قانونی سمگلنگ کو ناکام بنایا گیا۔

پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں منشیات کا قبضہ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ہم چوکس ہیں اور کسی بھی غیر قانونی کام/مقصد کے لیے پاکستانی سمندری حدود کے استعمال کو روکنے میں پرعزم ہیں۔ پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی سمندر میں قانون نافذ کرنے کی اپنی قومی ذمہ داری کو بھانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -