نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کی میٹنگ ، شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے سیاسی نقشے پر بھارتی اعتراض مسترد
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت کو عالمی سطح پر پاکستان کے ہاتھوں ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا جو کہ بھارتی بھارتی مشیر اجیت دوول سے برداشت نہیں ہوا اور بھارت کے میٹنگ میں تنہاہونے پر غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرتے ہوئے وہاں سے واک آوٹ کر گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ایس سی او رکن ممالک کے سیکیورٹی ایڈوائزرکا آن لائن اجلاس ہوا جس میں معید یوسف نے ویڈو لنک اجلاس کے دوران پس منظر میں نیا نقشہ لگایا ہوا تھا ، بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دول نے اجلاس کے دوران پاکستان کے سیاسی نقشے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ نقشے میں بھارتی علاقوں کو پاکستان کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے۔سیکیورٹی ایڈوئزر کے اجلاس کے دوران اجیت دول کا اعتراض واضح الفاظ میں مسترد کر دیا گیاہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے کشمیرسے متعلق پاکستانی موقف کی تائیدکی۔
بھارتی اعتراضات کے پر پاکستان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت بھارت کے پاس کوئی قانونی حق نہیں ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے کو ہندوستان کے حصے کے طور پر دعویٰ کرے ۔پاکستان نے واضح الفاظ میں بھارت کے اس اعتراض کو مسترد کر دیا کہ پاکستان کے نئے جاری کر دہ سیاسی نقشہ میں کسی ہندوستانی علاقے کو بھی شامل کیا گیاہے ۔
پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹریٹ کو آگاہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیوں کے ذریعے اقوام متحدہ کے چارٹر اور سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی کی ہے ۔پاکستان نے مزید اپنا موقف پیش کرتے ہوئے زور دیا کہ نیا سیاسی نقشہ پاکستان کے حقوق اور کشمیری عوام کی امنگوں کی نمائندگی کر تا ہے ۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرا ردادوں کے مطابق آزاد اور غیر جانبدارنہ رائے شماری کے ذریعے مقبوضہ کشمیر تنازع کے حل کے موقف پر قائم ہے ۔شنگھائی تعاون تنظیم نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا ۔