دورہ انگلینڈ سے واپس آنے والے قومی کرکٹرز کب اپنی ڈومیسٹک ٹیموں کو جوائن کریں گے؟ تاریخ کا اعلان ہو گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) دورہ انگلینڈ سے واپس آنے والے پاکستانی کرکٹرز 25 ستمبر کو اپنی ڈومیسٹک ٹیموں کو جوائن کریں گے اور اس سے قبل ان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس کیلئے تمام 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز نے فرسٹ اور سیکنڈ الیون کا اعلان بھی کر دیا ہے جبکہ پیر سے کھلاڑیوں کے پہلے کورونا وائرس کے ٹیسٹوں کا آغاز بھی ہو گیا ہے تاہم قومی کرکٹرز 25 ستمبر کو اپنی ڈومیسٹک ٹیمیں جوائن کریں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے طویل دورے کے بعد کھلاڑیوں کو اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی اجازت دی گئی ہے اس لئے وہ تاخیر سے ڈومیسٹک ٹیموں کو جوائن کریںگے جبکہ بائیو سیکیور ببل میں جانے سے پہلے ان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے۔