بڑے خواب دیکھنے والا ہی بڑے کام کرتا ہے ، وزیراعظم نے راوی اربن  ڈیویلپمنٹ منصوبے کا افتتاح کردیا

بڑے خواب دیکھنے والا ہی بڑے کام کرتا ہے ، وزیراعظم نے راوی اربن  ڈیویلپمنٹ ...
بڑے خواب دیکھنے والا ہی بڑے کام کرتا ہے ، وزیراعظم نے راوی اربن  ڈیویلپمنٹ منصوبے کا افتتاح کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان نےکہاہےکہ بڑے خواب دیکھنے والا ہی بڑے کام کرتا ہے،راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے ذریعے نیا پاکستان کا تصور نظر آ رہا ہے، ماضی کے حکمران ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل کر چلے گئے، قرضوں کی واپسی کیلئے سخت فیصلے کرنا پڑے جس سے مشکلات آ رہی ہیں۔

راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے اس منصوبہ میں نئے پاکستان کا تصور نظر آ رہا ہے، اس منصوبہ میں تمام پیسہ نجی شعبہ سے آئے گا جبکہ حکومت صرف سہولتیں فراہم کرے گی، اوورسیز پاکستانیز اس منصوبہ میں سرمایہ کاری میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب کو منصوبہ کی جلد سے جلد تکمیل کیلئے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیا شہر بنانا آسان کام نہیں، مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں پانی کا مسئلہ شدت سے بڑھ رہا ہے تاہم نئے شہر میں جو جھیلیں بنیں گی، اس سے لاہور شہر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گا، لاہور میں 40 فیصد کچی آبادیاں ہیں، لاہور شہر تیزی سے پھیل رہا ہے، اس کے علاوہ لاہور شہر کے تمام سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کے بعد راوی میں گرایا جائے گا جس سے دریائے راوی کا پانی صاف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نیا شہر مکمل منصوبہ کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے اور ہم اس کو گرین سٹی بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ غریبوں، یتیموں اور بے سہارا افراد کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی عظیم قوم بنیں، ہماری حکومت نے پہلی بار لوگوں کو صحت کارڈ دیے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہر خاندان کو صحت کارڈ دیا جائے گا، غریب طبقہ کیلئے ہیلتھ کارڈ اور ہیلتھ انشورنس منصوبے شروع کئے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کسی بھی حکومت نے بے گھر افراد کیلئے کچھ نہیں کیا تاہم ہماری حکومت نے پہلی بار ان کیلئے پناہ گاہیں تعمیر کیں، پناہ گاہوں کے معیا ر میں بہتری لا رہے ہیں، بہترین کھانا فراہم کیا جا رہا ہے،روٹی، کپڑا اور مکان صرف ایک نعرہ تھا، ہم نے عملی طور پر بے گھر اور بے سہارا افراد کیلئے احساس پروگرام شروع کیا، احساس پروگرام کے تحت تعلیمی وظائف بھی فراہم کئے جا رہے ہیں، احساس پروگرام کے تحت بچوں میں غذائی کمی کے خاتمہ کیلئے پروگرام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کیلئے ہم نے گھروں کی تعمیر شروع کی ہے اور انہیں کم شرح سود پر قرضے فراہم کریں گے اور غریب سے غریب تر افراد بھی اپنا خرید سکیں گے،اس کے علاوہ دیہاتوں میں خواتین کیلئے روزگار سکیم کا بھی اجرا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ لوگ مشکلات کو نئے پاکستان سے جوڑ رہے ہیں، ماضی کے حکمران ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل کر چلے گئے، قرضوں کی واپسی کیلئے سخت فیصلے کرنا پڑے جس سے مشکلات آ رہی ہیں، کورونا کے خلاف ہماری حکمت عملی کامیاب رہی، سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپناتے ہوئے غریب طبقہ کا خیال رکھا، کورونا کی وجہ سے دنیا میں سب سے زیادہ بھارتی معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعظم نے سنگ بنیاد کے موقع پر پودا بھی لگایا۔

مزید :

قومی -