ڈاکٹر صفدر محمود کا انتقال!

ڈاکٹر صفدر محمود کا انتقال!

  

بانی  پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریک پاکستان پر مستند مصنف و محقق، دانشور، کالم نگار، سابق وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر صفدر محمود راہی ئ ملک ِ عدم ہوئے،ان کو  سپردِخاک کر دیا گیا،نمازِ جنازہ لاہور میں ادا ہوئی،کثیر تعداد میں احباب نے شرکت کی۔ڈاکٹر صفدر محمود کچھ عرصہ سے علیل تھے اور امریکہ میں علاج سے بھی ان کو افاقہ نہ ہوا،چنانچہ وہ واپس چلے آئے،اس مرض میں ان کی یاد داشت بھی متاثر ہوئی۔ڈاکٹر صفدر محمودنے وفاق اور پنجاب میں بطور سیکرٹری خدمات انجام دیں وہ بیس سے زیادہ کتابوں کے مصنف تھے،اور ان کا خاص اور پسندیدہ موضوع تحریک پاکستان اور بانی ئ پاکستان کی ذات تھی،مرحوم اس حوالے سے ہر اعتراض اور غلط تحریر کا مسکت جواب بھی دیتے،اور ہر بات کے لئے تحریری سند لاتے تھے۔ڈاکٹر صفدر محمود ایک بیورو کریٹ ہوتے ہوئے بھی ایک ادیب کی حیثیت سے مقبول تھے۔ادیبوں،نقاد حضرات اور صحافیوں میں ان کا حلقہ احباب بھی بہت وسیع تھا۔ بلاشبہ ان کی وفات سے تحریک پاکستان اور قومی ادب کے حوالے سے ایک خلا پیدا ہوا، وہ تسلسل سے مقامی اخبار میں کالم بھی لکھتے رہے،اور ان کے قارئین کی تعداد بھی بہت تھی۔مرحوم کی وفات پر تمام حلقہ احباب کی طرف سے صدمے کا اظہار کیا گیا اور ان کے لئے دُعائے مغفرت کی گئی،اللہ ان کو جنت الفردوس میں مقام عطا فرمائے، اور ان کے درجات بلند کرے۔آمین!

مزید :

رائے -اداریہ -