نوازلیگ کے پیپلز پارٹی پر الزامات مضحکہ خیز ہیں،بیلم حسنین

  نوازلیگ کے پیپلز پارٹی پر الزامات مضحکہ خیز ہیں،بیلم حسنین

  

 لاہور(لیڈی  رپورٹر) پیپلزپارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی بیگم بیلم حسنین نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر حکومت کے تعاون سے سیاست میں اپنا کردار ادا کررہا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کا اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ابھی تک پابند سلاسل ہے اس حقیقت کے باوجود نواز لیگ کی طرف سے پیپلزپارٹی پر لگائے جانیوالے الزامات بڑے مضحکہ خیز ہیں۔

 پیپلزپارٹی کی قیادت ڈیل اورڈھیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،ہمارا جینا مرنا 22 کروڑ عوام کیساتھ ہے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک وقوم اور جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ اور آئندہ بھی اس سے گریزنہیں کریں گے نواز لیگ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کی بجائے اپنے گھر کی خبر لیں یہاں ایک نہیں بلکہ تین تین بیانئے چل رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے موجودہ حکومت کو پارلیمنٹ سے لیکر عوام کی عدالت تک ٹف ٹائم دیا ہے مگر ہم کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے جمہوری سسٹم ڈی ریل ہونے کا خدشہ ہو آر یا پار کی باتیں کرنیوالے آج گھروں میں خاموش ہوکر بیٹھ گئے ہیں مگر پیپلزپارٹی آج بھی نالائق اور نااہل حکمرانوں کیخلاف جدوجہد کررہی ہے جنوبی پنجاب کے بعد وسطی پنجاب میں بھی بہت تبدیلیاں آرہی ہیں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا وسطی پنجاب کا صدر بننا بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے ہم اس فیصلہ کاخیر مقدم کرتے ہیں جس سے یقینا پنجاب میں پیپلزپارٹی منظم،متحرک اورفعال ہوگی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -