ڈپٹی کمشنر کا دورہ سروسز ہسپتال،ڈینگی اور کورونا وارڈ کا معائنہ کیا

ڈپٹی کمشنر کا دورہ سروسز ہسپتال،ڈینگی اور کورونا وارڈ کا معائنہ کیا

  

لاہور (جنرل رپورٹر)ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ ازخود فیلڈ میں موجود ہیں۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ایم ایس ہسپتال اور دیگر افسران بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے سروسز ہسپتال میں ڈینگی وارڈ، کورونا اور او پی ڈی  کا جائزہ لیا اور ڈینگی وارڈ میں داخل مریضوں کی تعداد کو چیک کیا۔ انہوں نے سروسز ہسپتال میں آنے والے ڈینگی کے مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور ان کے ڈیٹا کو ترتیب سے ریکارڈ میں رکھنے کی ہدایت کی۔

 انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے اب تک 252 کیسز سامنے آ چکے ہیں اور ڈی ایچ اے فیز ون، دو، تین، چار، پانچ، چھ، یو سی 120 اور 116 میں ڈینگی کے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ڈینگی کی ان ڈور ٹیمیں 2974 جبکہ آؤٹ ڈور 473 ہیں۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چھٹہ نے کہا کہ ڈینگی ورکرز ڈینگی سروئلنس کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈینگی کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے عوام الناس سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ صفائی ستھرائی کو اپنا شعار بنائیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ اپنے گھروں کے اندر، باہر اور اردگرد میں گندا پانی نہ کھڑا ہونے دیں۔ انہوں نے سروسز ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی چیک کیا۔ ڈی سی لاہور نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -