ہال روڈپر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز ختم کرائے جائیں،شہزاد چوہان
لاہور(سٹی رپورٹر) تاجر رہنما شہزاد چوہان نے کہا ہے کہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ کی بھرمار نے ہال روڈ پر سبزی منڈی کے حالات پیدا کردیئے ہیں۔ موٹرسائیکل پک اپ رکشہ سٹینڈ بناکر روڈ کے دونوں اطراف کئی گز جگہ پر مافیا قابض ہے۔ ہال روڈ پر ہر وقت ہجوم کی کیفیت بے ہنگم ٹریفک کی صورتحال سے تاجر برادری کو نجات دلانے کیلئے فی الفور غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ ختم کرائے جائیں۔ ہال روڈ پر رش اور ہجوم کے اژدھام کو بہتر بنانے کیلئے کئی گز موٹر سائیکل رکشہ پارکنگ سٹینڈ کی مد میں گھیری گئی جگہ کو واگزار کروایا جائے۔ ٹریفک کے بدترین حالات کو بہتر بناکر تاجروں کو مسلسل اذیت ناک حالات سے نجات دلائی جائے۔ تاکہ تاجر امپورٹر اور ایکسپورٹر مثالی اور سازگار حالات دیکھ سکیں۔
لڑائی جھگڑے مار کٹائی اور نقص امن کے حالات کا خدشہ ہر وقت ٹریفک جام ہوتے ہی منڈلانے لگتا ہے۔ بلدیہ عظمی لاہور اور متعلقہ اعلی حکام اس سنگین مسئلے کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔