معاشرے سے عریانی،فحاشی کا خاتمہ کیا جائے گا،اشرف جلالی
لاہور() تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ماہ صفر المظفر کی آمد پر ملک بھر میں مبلغین کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے کہا: ماہ صفر المصطفر میں کثرت سے افکارِ اولیاء سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ دروسِ تصوف کے ذریعے معاشرے سے عریانی، فحاشی اور بے حیائی کے خاتمے کی جد و جہد تیز کی جائے گی۔ سیدنا داتا گنج بخش ہجویری، حضرت مجدد الف ثانی، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا بریلوی، حضرت پیر سید مہر علی شاہ صاحب گولڑوی قدس سرہم العزیز جیسے اکابر کے اعراسِ مقدسہ کے موقع پر ان کی تعلیمات کو اجاگر کرنا نہایت ضروری ہے۔ برصغیر پاک و ہند کو نورِ اسلام سے منور کرنے والی ہستیوں کا یہ احسان ہے کہ آج ہم دین اسلام کی برکتوں سے مالا مال ہیں۔ ان نفوسِ قدسیہ کا یہ حق بنتا ہے کہ ان کا تذکرہ گلی گلی، محلے محلے کیا جائے۔ اولیائے کرام کے مزارات انوار و تجلیات کے گہوارے اور رشد و ہدایت کے مراکز ہیں۔
انہیں بھنگیوں، چرسیوں اور جہال کی خرافات سے بچانا از حد ضروری ہے۔ یہ تمام اولیائے کرام سنی عقائد کے حامل اور سنی معمولات کے علمبردار تھے۔ بعض مزارات پر بد عقیدہ لوگوں کے تسلّط کی وجہ سے عوام میں بری رسمیں پھیل رہی ہیں۔ ہمارا حکومت سے یہ مطالبہ ہے کہ جن مزارات پر بد عقیدہ لوگ قابض ہو چکے ہیں اور زبردستی متولی بنے ہوئے ہیں، ان سے مزارات کو واگزار کرایا جائے۔ اور مزارات کی خدمت اور نگرانی کا منصب صحیح العقیدہ لوگوں کے سپرد کیا جائے۔