ڈاکٹر صفدر محمود کی وفات پر قلم فاؤنڈیشن کا تعزیتی اجلاس

ڈاکٹر صفدر محمود کی وفات پر قلم فاؤنڈیشن کا تعزیتی اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (فلم رپورٹر) قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کا ایک تعزیتی اجلاس علامہ عبدالستار عاصم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں تحریک پاکستان کے عظیم رہنما اور بیس کروڑ عوام کے حقیقی ترجمان ممتاز بیوروکریٹ، دانشور درجنوں کتابوں کے مصنف، بے لاگ محقق، سابق وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر صفدر محمود کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کی پاکستان، قائداعظم، علامہ اقبال اور اکابرین پاکستان سے بے لوث محبت کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ جیل روڈ لاہور کا نام تبدیل کر کے ڈاکٹر صفدر محمود روڈ رکھا جائے اور ڈاکٹر صاحب کی سنہری خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان ایک ڈاک ٹکٹ اور 50 روپے کا سکہ رائج الوقت جاری کرے۔ تاکہ نئی نسل جان سکے کہ ڈاکٹر صاحب کتنی عظیم شخصیت تھے اور انہوں نے اپنا سب کچھ وطن کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ انہوں نے بے مثال کتابیں لکھیں جن کے دنیا کی کئی زبانوں میں تراجم بھی ہو چکے ہیں۔
 اور کئی یونیورسٹیوں میں پڑھائی جا رہی ہیں۔ پاکستان کیوں ٹوٹا؟ پاکستان میری محبت، سچ تو یہ ہے، صدا بہار، بصیرت، بانیان پاکستان اور دیگر کتب تاریخ کی لازوال تصانیف ہیں۔ اس موقع پر علامہ عبدالستار عاصم نے اپنے خطاب میں عوام سے کہا کہ آئندہ جمعہ پورے ملک میں ڈاکٹر صاحب کے ایصالِ ثواب اور ان کی خدمات کو تمام خطیب خراجِ تحسین پیش کریں یہ زندہ قوموں کی عظمت کا نشان ہیں۔ اجلاس میں پروفیسر محمد فاروق عزمی، سلمان احمد، بلال احمد، میاں محمد مظہر، میاں کرامت علی کے علاوہ بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی اور آخر میں ڈاکٹر صاحب کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا۔