صدر مملکت کا خطاب قومی اتحاد و یکجہتی کا مظہر، اپوزیشن نے غیر جمہوری رویئے کا مظاہر ہ کیا: عثمان بزدار

    صدر مملکت کا خطاب قومی اتحاد و یکجہتی کا مظہر، اپوزیشن نے غیر جمہوری ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد اور یکجہتی کا مظہرہے۔ پارلیمنٹ کے 3سال مکمل ہونے پر صدر مملکت نے اپنے خطاب میں عوامی امنگوں کی ترجمانی کی جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے غیر پارلیمانی اور غیر جمہوری رویئے کا مظاہرہ کیا۔ صدر مملکت کے خطاب کے دوران شور مچا کر اپوزیشن عناصر نے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا۔نااہل اپوزیشن نے اس اہم موقع پر بھی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اخلاق سے گرا رویہ قابل مذمت ہے۔پاکستان کی ناکام ترین اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں۔صدر مملکت کے خطاب کے دوران اپوزیشن جماعتوں کا شور مچانا ان کی فرسٹریشن کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی قسمت میں رونا لکھا ہوا ہے اور یہ آئندہ بھی روتے رہیں گے۔ سردارعثمان بزدار کی ہدایت پرشہریوں کو 20 سے زائد خدمات ایک کلک کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ای پے کے ذریعے 40 ارب روپے سے زائد کے محصولات وصول کئے ہیں اور 55 لاکھ سے زائد شہری ای پے کی سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو گھر بیٹھے سہولتیں دی جا رہی ہیں۔وقت کی بچت کے ساتھ ٹیکس کی آسان ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ٹوکن ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس، کاٹن فیس، ای آکشن اور موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن و ٹرانسفر فیس ای پے کے ذریعے کی جا سکتی ہے اور اسی طرح پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سیلز ٹیکس اور پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی ادائیگی ای پے کے ذریعے ممکن ہے۔لاہور، ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ٹریفک چالان کی ادائیگی ای پے کے تحت ہو سکتی ہے۔بورڈ آف ریونیو میں انتقال (میوٹیشن) فیس، فرد فیس اور ای سٹیمپنگ فیس کی ادائیگی ای پے کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صنعت میں بزنس رجسٹریشن فیس اور سکول ایجوکیشن کے تحت پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن فیس کی ادائیگی کیلئے ای پے کے تحت سہولت دی گئی ہے۔ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں روٹ پرمٹ اور وہیکلز فٹنس سرٹیفکیٹ بھی ای پے کے تحت حاصل کئے جا سکتے ہیں۔محکمہ آبپاشی میں ای آبیانہ سسٹم شروع کیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر ای آبیانہ کا آغاز خانواہ، لیہ، قصور اور شیخوپورہ سے کیا گیا ہے۔لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ میں ورکرز پارٹیسیپیشن فنڈ اور لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے تحت روٹ پرمٹ ای پے کے تحت حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو ہر سطح پر فروغ دیا جا رہا ہے۔پنجاب ڈیجیٹل ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے اور عوامی خدمات کی فراہمی، کاروبار میں آسانی او رنوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں خدمات کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے۔آٹومیشن کی وجہ سے عوام کو سرکاری محکموں کے چکر نہیں لگانا پڑتے۔

 عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -