کورونا، مزید 78اموات، لاہور سمیت 6اضلاع میں پابندیاں برقرار، کل سے آدھی حاضری کیساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کااعلان 

      کورونا، مزید 78اموات، لاہور سمیت 6اضلاع میں پابندیاں برقرار، کل سے ...

  

 اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک) کورونا وائرس سے مزید78 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 26 ہزار 865 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 10 ہزار 82 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 580 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، حکومت نے 16 ستمبر سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا۔ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کی شدت میں بتدریج کمی آ رہی ہے، 50 فیصد مسافروں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جمعرات سے تعلیمی ادارے بھی کھول دیئے جائیں گے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاانہوں نے کہاکہ 24 میں سے 18 اضلاع میں کورونا صورتحال میں بہتری آئی ہے، 6 اضلاع میں 22 ستمبر تک بندشیں قائم رہیں گی، ان اضلاع میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارک اور جم مکمل ویکسینیٹڈ افراد کیلئے کھول دیئے جائیں گے، آؤٹ ڈور ڈائننگ کا ٹائم رات 12 بجے تک کر دیا گیا۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ مکمل ڈوز ویکسین نہ لگوانے پر 30 ستمبر کے بعد مختلف مقامات پر داخلے اور سرگرمیوں پر پابندی ہوگی، کاروبار پر بندشیں نہیں لگا رہے مگر جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی ان پر بندشیں لگائی جائیں گی، عوام کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ویکسین لگوائیں، حکومت 200 ارب روپے مالیت کی ویکسین فراہم کر رہی ہے، لوگوں کی آسانی کیلئے ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جائے، اسلام آباد کی 52 فیصد آبادی ویکسینیٹڈ ہوچکی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہو اور زندگی معمول پر آئے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کورونا مریضوں کا دباؤ ہے، کوشش ہے آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ نہ آئے، چند ہفتے کے دوران آکسیجن کی طلب میں اضافہ ہوا، کورونا صورتحال بہتر ہوئی ہے مگر خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، 5300 مریض ہسپتالوں میں آکسیجن پر ہیں، لاپرواہی، ایس او پیز کو نظرانداز کرنا کورونا کیسز میں اضافے کا باعث بنا۔

کورونا وائرس 

 لاہور(جنرل رپورٹر،لیڈی رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں کورونا کے مہلک وار جاری، موذی وائرس سے مزید 13 اموات ریکارڈ، 24 گھنٹوں کے دوران 617 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں 13 جبکہ پنجاب بھر میں مزید 34 افراد کورونا سے انتقال کر گئے، ایک ہزار 264 نئے کیسز سامنے آ گئے، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرعمران سکندر بلوچ کہتے ہیں پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے، صوبہ بھر میں کرونا کے کیسز کی ٹوٹل تعداد 415,655 ہو گئی۔ اب تک صوبہ بھر میں 377,319 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔پنجاب میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 26,079 تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18,245 ٹیسٹ کئے گئے۔ مزید برآں صوبہ بھر میں اب تک مجموعی طور پر 7,088,812 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں 617 اور راولپنڈی میں 99 کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کرونا کی مجموعی مثبت شرح 7 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔صوبائی وزیرتعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے سکولز 16 ستمبر سے کھل جائیں گے۔

لاہور، کورونا

مزید :

صفحہ اول -